ایشین چیمپئن ٹرافی راشد محمود نے کیمپ میں شریک نہ ہونے کی وجہ بتا دی

مکمل فٹ ہوں اور ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں،راشد محمود


Mian Asghar Saleemi October 08, 2018
انفرادی مفادات کے بجائے ہمیشہ ملکی مفادات کو ترجیح دی، راشد محمود (فوٹو: سوشل میڈیا)

PESHAWAR: راشد محمود کا کہنا ہے کہ ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے جگہ چھوڑی تاہم ورلڈ کپ کے لیے دستیاب ہوں۔

ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑی راشد محمود نے ایشین چیمپئن ٹرافی کے کیمپ میں شرکت نہ کرنے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے لیے اپنی جگہ چھوڑی ہے لیکن ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو دستیابی کے لیے مکمل طور پر فٹ اور بھر پور ردھم میں ہوں۔

راشد محمود نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اس ملک کی بدولت ہوں اس لیے انفرادی مفادات کی بجائے ہمیشہ ملکی مفادات کو ترجیح دی، بیرون ملک لیگز کے دوران میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ عمدہ کارکردگی کے ساتھ ایسا مثبت رویہ اپناﺅں جس کی وجہ سے ملک کے بارے میں دنیا بھر میں اچھا تاثر سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ میرے کیریئر میں کئی بار ایسا ہوا جب میں لیگز ادھوری چھوڑ کر قومی کیمپوں کا حصہ بنا لیکن ایشین چیمپئن ٹرافی ایف آئی ایچ رینکنگ ٹورنامنٹ نہیں ہے، اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا۔

چیف آف نیول اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے راشد محمود نے کہا کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں اور رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے اگر مجھے بھارت میں سبز ہلالی پرچم لہرانے کا موقع دیا تو اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔