وزیر اعظم کے احتساب کے اعلان سے اپوزیشن کی سانسیں خشک ہوگئیں فواد چوہدری

اگر کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو بیشک کرے کنٹینر ہم خود مہیا کریں گے، فواد چوہدری


ویب ڈیسک October 08, 2018
سیف الرحمن کو چئیرمین نیب بنانے والے ہمیں سبق سکھا رہے ہیں، وزیر اطلاعات (فوٹو: فائل)

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرا عظم نے صاف کہہ دیا ہے کہ احتساب سب کا ہوگا، اگر کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو بیشک کرے کنٹینر ہم خود فراہم کریں گے۔

پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کبھی نہیں کہا کہ اپوزیشن کا احتساب ہوگا لیکن جب سے عمران خان نے احتساب کا اعلان کیا ہے اپوزیشن کی سانسیں خشک ہوگئی ہیں، اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی میں آکر صرف شور شرابہ اور دوسروں کی تضحیک کرتے ہیں، ان میں اتنی ہمت نہیں کہ ہماری بات سنیں، یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔

یہ پڑھیں: سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے

فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، ان پر کیسز نواز شریف دور میں بنے تھے، ہمارے اپنے لوگوں پر نیب کے مقدمات ہیں لیکن ہم نے تو کبھی نیب کی کارروائیوں میں مداخلت نہیں کی۔ وزیراعظم نے صاف کہہ دیا ہے کہ احتساب سب کا ہوگا، اگر کوئی احتجاج کرنا چاہے تو بیشک کرے بلکہ ہم احتجاج کرنے والوں کو کنٹینر بھی فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دس سال میں اربوں روپے کا نقصان ہوا اس کا ذمہ دار کون ہے؟ جن لوگوں نے سیف الرحمن کو چئیرمین نیب بنایا، ججوں کو فون کرکے سزائیں دینے کا کہا آج وہ لوگ ہمیں سبق سکھا رہے ہیں، ہمیں سبق سکھانے کی قطعی ضرورت نہیں، فالودے اور چھابڑی والوں کے پا سے اربوں روپے نکل رہے ہیں جس کا مطلب واضح ہے کہ منی لانڈرنگ ہورہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔