حکومت کا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم نے مذاکرات کی منظوری دیدی

ملک جس طرح کے معاشی حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، وزیر خزانہ

معاشی بحالی آسان نہیں ایک مشکل چیلنج ہے، وزیر خزانہ (فوٹو: فائل)

حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے لیے وزیر اعظم نے مذاکرات کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک جس طرح کے معاشی حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، معاشی بحالی آسان نہیں ایک مشکل چیلنج ہے، عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ گزشتہ حکومت کیسے معاشی حالات چھوڑ کرگئی تھی، جیسے ہی ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ترجیحی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے بہترین راستہ اختیار کرنا ہے اور ایک سے زائد متبادل ذرائع تلاش کرنے ہیں۔


اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے اسی سلسلے میں کام جاری تھا، پاکستان کے بہترین ماہرین معاشیات سمیت دوست ممالک سے بھی مشاورت کی گئی اور اب ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے اور ایسا پروگرام ترتیب دیں کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے فوری مذاکرات کی منظوری دے دی ہے، مستقل بنیادوں پر معیشت میں بہتری لاکر ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور روزگار کی فراہمی معاشی ترجیحات میں شامل ہیں، بحالی کا ایسا پروگرام چاہتے ہیں جس سے کمزور طبقے پر کم اثر پڑے۔

Load Next Story