تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کھپرومیں 8 ماہ کے دوران 12 کروڑ ہڑپ

افسران نے ملی بھگت کرکے خطیر رقم اکائونٹ سے نکال لی، کوئی ترقیاتی کام نہ ہو سکے.

افسران نے ملی بھگت کرکے خطیر رقم اکائونٹ سے نکال لی، کوئی ترقیاتی کام نہ ہو سکے۔ فوٹو: فائل

تعلقہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کھپرو کے 8 ٹائون افسران نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران ٹی ایم اے کو 12کروڑ روپے ھڑپ کرلیے۔

ٹائون افسران نے جعلی کوٹیشن و ووچرز کے ذریعے ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کر کے 12کروڑ روپے کی خطیر رقم خورد برد کر لی۔ صوبائی وزیر بلدیات، سیکریٹری بلدیات و لوکل گورنمنٹ بورڈ انتظامیہ نے ٹی ایم اے کھپرو میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کرنے میں ناکام، ٹی ایم اے اکائونٹ خالی ہوگئے، ملازمین کو9 روز گزر جانے کے باوجود تنخواہ نہ ہوسکیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ٹی ایم اے کھپرو کو ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور دیگر ترقیاتی کاموں کی مد میں ہر ماہ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی قسط دی جاتی ہے اور ٹی ایم اے کے ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں70 لاکھ روپے خرچ کر کے ہر ماہ ایک کروڑ روپے کی رقم بچت کی جاتی ہے اور ہر سال 14 کروڑ روپے کی رقم بچت کر کے ٹینڈز کے ذریعے ترقیاتی کام کرائے جاتے ہیں۔




رواں سال کے ماہ فروری کے دوران ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے کھپرو کی جانب سے14کروڑ روپے کے ٹینڈر اخبارات میں شائع کیے گئے تاہم اسی دوران ایک سیاسی پارٹی کے سابق یوسی ناظم نے ٹینڈر کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرا کر حکم امتناع جاری کرایا، اس سلسلے میں ذرائع نے 'ایکسپریس' کو ٹی ایم اے کھپرو میں12کروڑ روپے کی کرپشن کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران ٹی ایم اے کھپرو کے افسران نے ملی بھگت کر کے جعلی کوٹیشن اور ووچرز کے ذریعے مختلف ٹھیکیداروں اور بلڈر مافیا کے ناموں پراکائونٹس سے مجموعی طور پر 12کروڑ روپے کی خطیر رقم نکال کر خورد برد کر لی۔

ذرائع کے مطابق ٹی ایم اے کھپرو کے اکائونٹ سے خطیر رقم نکالنے کے باوجود کسی بھی جگہ ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے ہیں اور صرف کاغذات میں ترقیاتی کاموں کا اندراج کیا گیا ۔ سیکریٹری بلدیاتی و لوکل گورنمنٹ بورڈ سمیت اعلیٰ حکام نے ٹی ایم اے کھپرو میں ہونیوالی12کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقات کے بجائے چپ سادھ لی ہے اور محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام کرپشن کی تحقیقات کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ کھپرو کے سماجی و عوامی رہنمائوں نے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات، صوبائی وزیر انکوائری اور اینٹی کرپشن سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹی ایم اے کھپرو میں ہونے والی کرپشن کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ملوث افسران سے رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔
Load Next Story