پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں عمران بٹ کا پلڑہ بھاری

ایشیائی ون کے لیے ٹیم کے کپتان کاحتمی فیصلہ ٹرائلز کے موقع پر ہی کیا جائے گا

کپتانی کی دوڑ میں کوچ ریحان بٹ کے بھائی عمران بٹ کا پلڑہ بھاری نظر آرہا ہے فوٹو:فائل

پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں عمران بٹ کا پلڑہ بھاری ہے جب کہ عرفان سینئر کے خلاف ٹیم مینجمنٹ متحد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کے ایک اعلی عہدیدار بھی قومی ٹیم کی کمان عمران بٹ کو سونپنے کے حق میں ہیں تاہم حتمی فیصلہ صدر فیڈریشن بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر 11 اکتوبر کو کراچی میں شیڈول ٹرائلز کے موقع پر کریں گے۔


ذرائع کے مطابق قومی ہاکی کیمپ میں رضوان سینئر کی غیرموجودگی کے بعد نئے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان کی جگہ کے حصول کے لئے رسہ کشی عروج پرپہنچ گئی ہے، 9اکتوبر سے کراچی سے شروع ہونے والے قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں قومی ٹیم کی تربیت کا رسمی سیشن دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے جس کے اختتام پر قومی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب عمل میں لائے گی جو کہ اومان میں ہونے والی ایشین چیمپینز ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں شامل عمران بٹ جوکہ ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کے حقیقی بھائی ہیں کا پلڑہ بھاری نظرآرہا ہے، عرفان سینئر کو اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کی رائے کا اپنے حق میں حصول مشکل نظر آرہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ عرفان کے ماضی کے ڈسپلن وجوہات کی بنا پر ان کو ٹیم کا کپتان بنانے کے حق میں نہیں۔

اس حوالے سے ایکسپریس نے جب سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا ایشیائی ایونٹ کے لیے کپتانی کی امید روشن ہے تاہم ایشیائی ون کے لیے ٹیم کے کپتان کاحتمی فیصلہ ٹرائلز کے موقع پر ہی کیا جائے گا۔
Load Next Story