ناقابلِ شکست پاکستان نے کیویز کے بھی پر کتر دیے

5 وکٹ سے فتحیاب ٹیم نے گروپ مرحلے کا ٹاپ پوزیشن پر اختتام کیا۔


Sports Desk August 17, 2012
انڈر19 ورلڈکپ: پاکستانی آل رائونڈر محمد نواز کا بولنگ ایکشن، انھوں نے مین آف دی میچ ایوارڈ پایا (فوٹو : ایکسپریس)

ISLAMABAD: آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ میں ناقابل شکست پاکستان نے کیویز کے بھی پرکتر دیے،5 وکٹ سے فتحیاب ٹیم نے گروپ مرحلے کا ٹاپ پوزیشن پر اختتام کیا، پیر کو کوارٹر فائنل میں روایتی حریف بھارت سے ٹکرائو ہوگا، بلو شرٹس نے اہم مقابلے میں پاپوانیوگنی کو107رنز سے روندا، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو6 وکٹ سے مات دی، بنگلہ دیش نے نمیبیا کو7 وکٹ سے پچھاڑ کر سری لنکا کی امیدیں خاک میں ملادیں، جمعرات کے مقابلوں کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی،فل ممبرممالک سری لنکا اور زمبابوے پہلے رائونڈ میں ہی باہر ہوگئے ، اب دونوں اتوار سے ہی شروع ہونے والی پلیٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ایونٹ کے سپر لیگ کوارٹر فائنلز 19 اور 20 اگست کو ٹائونزویل میں کھیلے جائیں گے، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو باآسانی5 وکٹ سے شکست دے کرگروپ بی میں ٹاپ پوزیشن پر اختتام کیا، ٹیم نے اپنے تینوں گروپ میچز جیت کر6 پوائنٹس حاصل کیے،کیویزکو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ راس نہیںآیا اور8وکٹ پر صرف152 رنز بن سکے، ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے سست روی سے آغاز کیا اور جب سیٹ ہوئے تو آئوٹ ہوگئے، ہینری والش 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

روبرٹ او ڈونیل نے 29 اور اوپنر جوئے کارٹیر نے 21 رنز بنائے ،صرف ایک ہی ففٹی پلس شراکت قائم ہوسکی، سیمرز ضیاالحق و احسان عادل اور لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز نے 2،2 وکٹیں لیں۔جواب میں پاکستانی کپتان بابر اعظم ابتدا میں ہی صرف ایک رن پر آئوٹ ہوگئے، سابق قومی قائد انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے 40 رنز بنانے کے ساتھ سعد علی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 51 رنز جوڑے،نواز نے20 گیندوں پر 23 رنز بناکر پاکستان کو 32 ویں اوور میں فتح دلادی،انھیں آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔

اب پاکستان کا کوارٹر فائنل میں پیر کے روز روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا، جس نے گروپ سی میں پاپوانیوگنی کو 107 رنز سے پچھاڑا،فاتح ٹیم نے204 رنز بنائے، وجے زول 72 اور پراشانت چوپڑا 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، چاڈ سوپیر نے5 وکٹیں لیں، جواب میں پاپوانیوگنی کی ٹیم 32 اوورز میں 97 رنز پر آئوٹ ہوگئی، روی کانت سنگھ نے 5پلیئرز کو میدان بدرکیا۔گروپ میں ٹاپ پر ویسٹ انڈین ٹیم رہی جس نے زمبابوے کو اپ سیٹ کا موقع دیے بغیر6 وکٹ سے ہرایا، فاتح سائیڈ اب سیمی فائنل میں جگہ پانے کیلیے پیر کو نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی، گروپ اے میں انگلینڈ نے نیپال کو 126 رنز سے شکست دی، اس کا فائنل8میچ میں جنوبی افریقہ سے اتوار کو مقابلہ ہوگا۔

گروپ ڈی میں سری لنکا کو کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے نمیبیا کے ہاتھوں بنگلہ دیش کی بڑی شکست کا انتظار تھا مگر بنگال ٹائیگرز نے اس کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی،اس کا اگلے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا سے سامنا ہوگا، سری لنکا، زمبابوے، افغانستان،آئرلینڈ، نمیبیا، نیپال، پاپوانیوگنی اور اسکاٹ لینڈ برسبین میں ری گروپ ہو کر اتوار سے ہی شروع ہونے والی پلیٹ چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں