بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں چینی سفیر

بلوچستان میں دیرپا معاشی استحکام چاہتے ہیں، چینی سفیر کی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سے ملاقات

سی پیک منصوبہ خطے میں خوشحالی کی نوید ہے، عبد القدوس بزنجو (فوٹو : فائل)

پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردارادا کرنے کے لیے تیار ہیں کیوں کہ ہم بلوچستان میں دیرپا معاشی استحکام کے خواہاں ہیں۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو سے چینی سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے اور بلوچستان کی ترقی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سابق نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری اور صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی بھی موجود تھے۔


ملاقات کے دوران اسپیکرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ چین کی دوستی پر ہمیں فخر ہے، سی پیک منصوبہ خطے میں خوشحالی کی نوید ہے، امید ہے بلوچستان کو ترقی دینے میں چین اپنا کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں چین اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، چین سی پیک منصوبے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی تعاون کررہا ہے کیوں ہم بلوچستان میں دیرپا معاشی استحکام چاہتے ہیں۔
Load Next Story