شعیب اخترنےپیسرز کی کوچنگ کیلیےخدمات پیش کردیں

نئے ٹیلنٹ کو پرکھنے والی نظر نہ ہو تو مستقبل کے اسٹارز نہیںملتے، سابق فاسٹ بولر


Sports Desk August 17, 2012
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر۔ فوٹو/ایکسپریس

شعیب اختر نے فاسٹ بولرز کی کوچنگ کیلیے خدمات پیش کردیں، سابق اسپیڈ اسٹار کا کہنا ہے کہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور تربیت میں مدد دینے کو تیار ہوں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستانی ٹیم فاسٹ بولنگ میں مسائل کا شکار چلی آرہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے نوجوان باصلاحیت بولرز کی فہرست تیار کی جائے، اسپیڈ، گیند پر گرفت اور سوئنگ جیسی صلاحیتوں کے ساتھ ذہانت سے بیٹسمین کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے والا پیسر ہی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو پرکھنے والی نظر نہ ہو تو مستقبل کے اسٹار نہیں ملتے، عمران خان کرکٹ کی گہری سمجھ بوجھ رکھتے تھے،انھوں نے وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز ٹیم کو دیے، ان کے علاوہ بھی کئی سابق کرکٹرز یہ کام کرنے صلاحیت رکھتے ہیں، بورڈ اگر چاہے تو میں نہ صرف نوجوان فاسٹ بولرز کی تلاش بلکہ ان کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے بھی اپنی خدمات پیش کرسکتا ہوں۔

آ سٹریلیا کیخلاف سیریز کے حوالے سے سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ عمرگل ، محمد سمیع اور وہاب ریاض جیسے بولرز کی عدم موجودگی میں سہیل تنویر، اعزاز چیمہ، جنید خان ،انورعلی کو سخت محنت کرنا ہوگی، ناتجربہ کار پیسرز آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں، پاکستان کو اسپنرز کیلیے موزوں وکٹیں تیار کرنے پر زور دینا ہوگا، فلیٹ وکٹ پر کینگروز ہمارے نو آموز بولرز کی کمزوریوں کا بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یو اے ای جانے والے ہمارے پیسرز باصلاحیت ضرور ہیں تاہم انھیں مناسب کو چنگ اور تجربہ دلانے کی ضرورت ہے، میری دعائیں نوجوان بولرز کے ساتھ ہیں، امید ہے کہ وہ عمدہ کھیل سے اپنی صلاحیتیں منوانے اور فتوحات حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں