عراق کے دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جب کہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی بغداد میں پھلوں اور سبزیوں کی ہول سیل مارکیٹ میں 3 دھماکے ہوئےجن میں سے 2 کار بم دھماکے اور ایک خودکش حملہ تھا۔ دھماکوں کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں فرقہ وارانہ تشدد کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران رونما ہونے والے پرتشدد واقعات میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔