لارڈز ٹیسٹ ڈومنی اورفلینڈر نے پروٹیزکو مکمل تباہی سے بچالیا

مہمان ٹیم کے7 وکٹ پر 262 رنز،اینڈرسن اور اسٹیون فن نے3،3 وکٹیں حاصل کیں۔


Sports Desk August 17, 2012
لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش پیسر اسٹیون فن جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملا کو بولڈ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں (فوٹو : ایکسپریس)

KARACHI: پال ڈومنی اور ورنون فلینڈر کی مزاحمتی اننگز نے جنوبی افریقہ کو مکمل تباہی سے بچالیا، 54 رنز پر 4 وکٹیں کھونے والی مہمان ٹیم نے پہلے دن کے اختتام تک 7 وکٹ پر 262 رنز بنالیے، پال ڈومنی نے 61 رنز بنائے، فلینڈر46 پر کھیل رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ جنوبی افریقہ کو راس نہیں آیا، انگلش بولرز نے کیون پیٹرسن کا سارا غصہ پروٹیز ٹاپ آرڈر پر نکالتے ہوئے صرف 54 کے اسکور پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا، گریم اسمتھ14 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، الویرو پیٹرسن نے اسٹیون فن کی گیند پر اسی انداز میں آئوٹ ہونے سے قبل 22 رنز اسکورکیے، ہاشم آملا کی اننگز 13 رنز تک محدود رہی ان کو بھی فن نے ٹھکانے لگایا۔

جیک کیلس 3 رنز بنانے کے بعد متنازع امپائرنگ کا شکار ہوئے، انھیں فن کی گیند پر پرائر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ قرار دیا گیا، اس صورتحال میں ابراہم ڈی ویلیئرز اور جیکس رڈولف نے انگلش بولرز کی پیشقدمی روکنے کی کوشش کی، ڈی ویلیئرز 27 رنز پر اینڈرسن کی گیند پر کک کا کیچ بن گئے۔

رڈولف نے سوان کی گیند پر بولڈ ہونے سے پہلے 42 رنز اسکور کیے، ڈومنی 61 رنز پر اینڈرسن کی تیسری وکٹ بنے کیچ وکٹ کیپر میٹ پرائر نے تھاما، جب پہلے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو فلینڈر 46 اور ڈیل اسٹین 21 رنز پر کھیل رہے تھے۔ جیمز اینڈرسن اور اسٹیون فن نے تین، تین وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں