بھارت میں ٹرین الٹنے سے 7 مسافر ہلاک درجنوں زخمی

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے


ویب ڈیسک October 10, 2018
نئی دہلی جانے والے مسافر ٹرین کی انجن سمیت 6 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ فوٹو : فائل

بھارت میں انجن سمیت ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث 7 مسافر ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں مغربی بنگال سے نئی دہلی جانے والی ٹرین کی ہرچند پور ریلوے اسٹیشن کے قریب انجن سمیت 6 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 7 مسافر موقع پر ہی ہلاک جب کہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ علی الصبح پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 9 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ بوگیوں کو کاٹ کر 4 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ امدادی کاموں میں معاونت کے لیے فوج کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

حادثے میں محفوظ رہنے والی بوگیوں کے مسافروں کو لکھنو منتقل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اور ریلوے کے وزیر نے متاثرین کے لیے الگ الگ امدادی رقوم کا اعلان کیا ہے۔ مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 7 لاکھ ، شدید زخمی ڈیڑھ لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار فی کس دیے جائیں گے۔



 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں