فواد چوہدری اور مشاہداللہ کے مابین سینیٹ اجلاس میں ایک بار پھر گرما گرمی

چیئرمین سینیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو خاموش کرایا اور نشستوں پر بٹھا دیا۔


ویب ڈیسک October 10, 2018
چیئرمین سینیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو خاموش کرایا اور نشستوں پر بٹھا دیا۔ :فوٹو:فائل

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے (ن) لیگ کے سینیٹر مشاہداللہ کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد دونوں رہنماؤں میں تکرار اور تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور (ن) لیگ کے سینیٹر مشاہداللہ خان کے مابین ایک بار پھر گرمام گرمی شروع ہوگئی اور تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ایک بار پھر مشاہداللہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما کا پورا خاندان پی آئی اے میں ہے اور انہوں نے مل کر ادارے کا بیڑہ غرق کردیا، میں نے حقیقت بیان کی تو مجھے معافی مانگنے کا کہا جارہا ہے، لیکن میں معافی نہیں مانگوں گا۔

فواد چوہدری کی تنقید کے دوران (ن) لیگ کے سینیٹر مشاہداللہ بھی اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور دونوں کے مابین بحث و تکرار شروع ہوگئی۔ چیئرمین سینیٹ نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو خاموش کرایا اور نشستوں پر بٹھا دیا۔

ایوان میں اظہارِخیال کرتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ مجھے سینیٹ میں 26 سال ہوگئے لیکن ایسا ماحول نہیں دیکھا، ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں، چیئرمین سینیٹ ایوان کا ماحول بہتر بنانے میں اپنا اختیار استعمال کریں تاکہ ملک کی موجودہ صورتحال خصوصاً آئی ایم ایف سمیت اہم معاملات پر بات ہوسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔