لیاری کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں 16 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ڈی آئی جی ساؤتھ اور رینجرز کے کرنل حسن نے ملزمان کی گرفتاری کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان سے ایل ایم جی، 6 کلاشنکوف، ایک جی تھری رائفل، 6 پستول، ایک کاربائن گن، 5 واکی ٹاکی سیٹ، 3 بلٹ پروف جیکٹیں اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سے لیاری کے لئے ایلیٹ فورس کے قیام کی درخواست کی گئی ہے جس کے بعد لیاری کے حالات بڑی حد تک قابو میں آجائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز میں لیاری میں 7 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوچکے ہیں۔