پاکستان کی عمدہ فیلڈنگ پر سب حیران 4نشانے وکٹوں پر جا لگے پروٹیز234تک محدود

4میں سے 2 رن آؤٹ مصباح نے کیے، تجربہ کار بیٹسمین نے ڈائیو لگا کر ایک شاندار کیچ بھی تھاما۔

برمنگھم: جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈو پلیسس کی وکٹ لینے پر دراز قامت پاکستانی پیسر عرفان کو ساتھی کھلاڑی مبارکباد دے رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں پاکستان کی عمدہ فیلڈنگ پرسب ہی حیران رہ گئے۔

جنوبی افریقہ 9 وکٹ پر 234رنز تک محدود رہا،4میں سے 2 رن آؤٹ کپتان مصباح الحق نے کیے، انھوں نے ڈائیو لگا کر ایک شاندار کیچ بھی لیا،فیلڈرز کے بیشتر تھرو نشانے پر لگے، پروٹیز ٹیم کی جانب سے ہاشم آملا نے81 رنزکی عمدہ اننگز کھیلی، ان کا7کے انفرادی اسکور پر عمر امین نے کیچ بھی ڈراپ کیا تھا، یہی اننگز کا واحد منفی پوائنٹ ثابت ہوا، محمد عرفان، جنید خان، محمد حفیظ، سعید اجمل اور شعیب ملک نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایجبسٹن میں ٹورنامنٹ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ کا ٹاس پروٹیز قائد ابراہم ڈی ویلیئرز نے جیت کر اپنے بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

سرد موسم میں آسمان پر بادلوں کی موجودگی میں پاکستانی پیسرز محمد عرفان اور جنید خان نے متاثرکن ابتدائی اسپیل کیا، کولن انگرام اور ہاشم آملا ابتدا میں محتاط انداز سے کھیلتے رہے، اننگز کا پہلا چوکا پانچویں اوور میں آملا نے عرفان کو لگایا، وہ اسی اوور میں آؤٹ ہونے سے بھی بال بال بچے اور بیک ورڈ پوائنٹ پر عمر امین نے کیچ ڈراپ کر دیا، اس وقت اوپنر کا اسکور7تھا،انگرم اور فاف ڈوپلیسس نے آہستہ آہستہ اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا،14ویں اوور کی پانچویں گیند پر آملا نے وہاب کی گیند کو باؤنڈری پار پہنچا کر ٹیم کی ففٹی مکمل کرائی،اگلے اوور میں حفیظ نے انگرم (20) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش اوپنر کو مہنگی پڑی،دوسرے اینڈ پر عمدگی سے کھیلنے والے آملا نے کیریئر کی 20 ویں نصف سنچری سعید اجمل کی گیند پر 2رنز سے مکمل کی۔




24.5اوورز میں اسکور بورڈ پر پروٹیز کے100رنز درج ہو گئے، ڈوپلیسس کی وکٹ عرفان کو نصیب ہوئی، شارٹ پچ گیند پر پل کرتے ہوئے انھوں نے کور میں شعیب ملک کو کیچ دیا،آملا کو حد سے زیادہ خوداعتمادی لے ڈوبی، حفیظ کی گیند پر ریورس سوئپ کرتے ہوئے وہ سلپ میں حفیظ کا کیچ بنے، امپائر نے اسکوائر لیگ آفیشل کے مشورے سے کیچ کے کلیئر ہونے پر مہر ثبت کی، ابراہم ڈی ویلیئرز نے ڈومنی کے ساتھ غلط فہمی کے نتیجے میں وکٹ گنوائی، رن آؤٹ ہونے سے قبل وہ31کی اننگز کھیل چکے تھے، مصباح نے ہی ملر(24) کو بھی رن آؤٹ کیا، ریان میک لارین (4) کو شعیب ملک نے ایل بی ڈبلیو کیا، انھوں نے اس فیصلے کیخلاف ریویو بھی ضائع کیا۔

49ویں اوور میں جنید خان کو 15رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی،پیٹرسن نے 2 اور ملر نے ایک چوکا لگایا، اسی اوور میں مصباح نے شاندار کیچ لے کر ملر (19)کو پویلین واپسی پر مجبور کیا،آخری اوور میں مورس (1) اورپھانگیسو (صفر) رن آؤٹ ہوئے، روبن پیٹرسن 16رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، محمد عرفان، جنید خان، محمد حفیظ، سعید اجمل اور شعیب ملک نے ایک ، ایک وکٹ لی۔
Load Next Story