کالی آندھی بھارتی بیٹنگ کا فیوز اڑانے کیلیے تیار

آج کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلے گی، دھونی کو کرس گیل کا خطرہ


Sports Desk June 11, 2013
آج کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلے گی، دھونی کو کرس گیل کا خطرہ۔ فوٹو : فائل

چیمپئنز ٹرافی کے پول بی میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ منگل کو اوول میں ہوگا، کالی آندھی بھارتی بیٹنگ پاور ہاؤس کا فیوز اڑانے کیلیے پرعزم ہے۔

میدان مارنے والی ٹیم کی سیمی فائنلز میں جگہ تقریباً پکی ہوجائے گی، ایونٹ کے باہمی مقابلوں میں کیریبیئن سائیڈ کو برتری حاصل ہے، کپتان ڈیوائن براوو کا کہنا ہے کہ بھارت کو قابو کرنے کا گر جانتے ہیں، دوسری جانب بھارتی ٹیم اپنی خوفناک فارم برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد ہے، پہلے میچ کی الیون میں ردوبدل کا امکان کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق گروپ بی میں بھارت اور ویسٹ انڈیز دونوں ہی اپنے پہلے میچز جیت چکی ہیں، بھارت نے جنوبی افریقہ کو کارڈف میں 26 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اوول میں ہی ویسٹ انڈیز نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان ٹیم کے خلاف دو وکٹ سے فتح پائی تھی۔ اب دونوں کے باہمی مقابلے میں جو بھی ٹیم فتح حاصل کرکے گی اس کی سیمی فائنل میں رسائی تقریباً یقینی ہوجائے گی۔



کالی آندھی کی عرفیت سے مشہور ویسٹ انڈیز کا مقابلہ درحقیقت پاور فل بھارتی بیٹنگ لائن سے ہوگا جوکہ سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں بھی دوسری ٹیم کے لیے خوف کی علامت بنی ہوئی ہے، اس میں دراڑڈالنے کیلیے ویسٹ انڈیز کا انحصار فاسٹ بولرز کیمار روئچ، روی رامپال ، ٹینو بیسٹ اور اسپن بولر سنیل نارائن پر ہوگا۔ نئے کپتان ڈیوائن براوو آئی پی ایل میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں چنئی سپر کنگز میں کھیل چکے ہیں اب انھیں اپنے ہی آئی پی ایل کپتان کی ٹیم کو شکست دینے کا کٹھن چیلنج درپیش ہے مگر ان کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی ٹیم کو قابو کرنے کا گرجانتے ہیں، پاکستان سے میچ کانٹنے دار رہنے پر انھوں نے کہا کہ آخر میں اہمیت جیت کی ہوتی ہے اور ہمیں دو پوائنٹس مل گئے جو ہم چاہتے تھے۔

ادھر بھارتی ٹیم بھی فکسنگ اسکینڈل کی تلخیوں کو بھلانے کیلیے پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز کیے ہوئے اور راہ میں آنے والی ہر ٹیم کو روند رہی ہے، دھونی الیون اب اگلے معرکے میں ویسٹ انڈیز کو بھی پچھاڑنے کیلیے تیار ہے۔ جنوبی افریقہ کو شکست دینے والی الیون میں کسی قسم کی تبدیلی کا امکان بہت کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں