سرکاری اسکول کے 29غیر حاضر اساتذہ کو معطل کردیا گیا

پی ای سی ایچ ایس بلاک2کے اسکول کا ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم کا اچانک دورہ۔

اساتذہ کواظہاروجوہ کے نوٹسز جاری، محکمہ جاتی کارروائی بھی شروع کردی گئی. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم نے کراچی کے سرکاری اسکولوں میں مسلسل غیر حاضررہنے والے اساتذہ کے معاملے کانوٹس لے لیا ہے۔

سرکاری اسکولوں کے دورے شروع کردیے گئے ہیں اورابتدائی طورپرگورنمنٹ بوائز پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول نمبرون پی ای سی ایچ ایس بلاک2کے29مرداورخواتین اساتذہ کو غیرحاضرہونے کی بنیادپرمعطل کردیاگیاہے، ان اساتذہ کواظہاروجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ریحان بلوچ نے ''ایکسپریس''کوبتایاکہ گورنمنٹ بوائز پرائمری اینڈسیکنڈری اسکول نمبرون پی ای سی ایچ ایس بلاک 2کے اچانک دورے کے موقع پر انکشاف ہواکہ اسکول میں بیک وقت 29مرد وخواتین اساتذہ غیرحاضرہیں اورکسی بھی ٹیچرنے پیشگی چھٹی لینے کی زحمت گوارانہیں کی۔




محکمہ تعلیم کومذکورہ اسکول سمیت دیگرکئی اسکولوں میں تسلسل کے ساتھ اساتذہ کی غیرحاضریوں کی شکایات مل رہی تھی جس کی بنیاد پر ان اساتذہ کوموقع پرہی معطل کرکے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے،گورنمنٹ بوائز پرائمری اینڈسیکنڈری اسکول نمبرون پی ای سی ایچ ایس بلاک 2کے ہیڈ ماسٹرکوبھی فرائض سے غفلت برتنے پراظہاروجوہ کانوٹس جاری کیاگیاہے، قابل ذکرامریہ ہے کہ گزشتہ کئی سال میں یہ پہلا موقع ہے جب صوبائی محکمہ تعلیم کوکراچی کے سرکاری اسکولوں کاخیال آیاہے، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ریحان بلوچ کاکہناتھاکہ وہ خود اورمحکمہ تعلیم کے افسران اب اچانک سرکاری اسکولوں کے دورے کاسلسلہ شروع کررہے ہیں اورغیرحاضراساتذہ کے خلاف موقع پرہی کارروائی کی جائے گی۔

 
Load Next Story