ملتان اور کراچی کا بینک گارنٹی جمع کرانے سے گریز

پشاور زلمی نے پی سی بی کی شرط کو پورا کردیا، ملتان کے وفدکی چیئرمین سے ملاقات۔


Saleem Khaliq October 13, 2018
اگلے ایڈیشن سے قبل واجبات کی ادائیگی کا یقین دلاتے ہوئے مزید مہلت مانگ لی۔ فوٹو:فائل

SWANSEA: پی ایس ایل فرنچائزز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز تاحال بینک گارنٹی جمع نہیں کرا سکیں۔

ڈیڈ لائن ختم ہوئے کئی روز بیت گئے مگر ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے تاحال بینک گارنٹی جمع نہیں کرائی ہے، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائٹیڈ پہلے ہی پی سی بی کی شرط کو پوراکر چکے تھے۔ مہلت ملنے پر پشاور زلمی نے بھی بینک گارنٹی جمع کرا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز اور کراچی کنگز اب بھی ایسا نہیں کر پائے ہیں، بورڈ کی جانب سے دی گئی مہلت بھی ختم ہو چکی ہے، چیئرمین احسان مانی نے گزشتہ دنوں واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اگر فرنچائزز نے مالی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو وہ سخت ایکشن لینے سے گریز نہیں کریں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔

دوسری جانب جمعے کو لاہور میں ملتان سلطانز کے وفد نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ فرنچائز آفیشلز نے بورڈ کو یقین دلایا کہ وہ لیگ سے قبل تمام واجبات ادا کر دیںگے، انھیں مزید مہلت دی جائے، اسی کے ساتھ شیئرہولڈرز کو مزید سرمایہ کار اپنے ساتھ شامل کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے قوانین میں نرمی کی درخواست کردی، بورڈ نے انھیں قانونی مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا ہے۔

اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے ملتان سلطانز کے اشعر شون سے رابطہ کیا تو انھوں نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بعض امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا جوکر لیا۔ البتہ اس موقع پر میں مزید تفصیلات نہیں بتا سکتا۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے مالکان کے اثاثہ جات گزشتہ عرصے دبئی میں ضبط ہو گئے تھے، فرنچائز مالی طور پر مشکلات کا شکار ہے، گزشتہ پی ایس ایل سے قبل بھی اس نے شیئرز ایک کمپنی کو فروخت کر کے بورڈ کو واجبات ادا کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں