موسیقار ایم اشرف یاد گار دھنیں تیارکرکے امر ہوگئے

کیرئیر کا آغاز شباب کیرانوی کی فلم ’’سپیرن‘‘ سے کیا، کئی گلوکاروں کو متعارف کرایا

کیرئیر کا آغاز شباب کیرانوی کی فلم ’’سپیرن‘‘ سے کیا، کئی گلوکاروں کو متعارف کرایا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ایم اشرف پاکستانی فلموں کی پلے بیک موسیقی میں کمرشل ، پاپولر، سچوایشنل اور میلوڈی میوزک کا مرکب تھے۔

یاد گار دھنیں تیارکرکے امر ہوگئے۔ موسیقار ایم اشرف نے شباب کیرانوی کی فلم ''سپیرن'' سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ، ان دنوں موسیقار منظور کے ساتھ ملکر منظور اشرف کے نام سے فلموں کی موسیقی دے رہے تھے۔لیکن موسیقاروں کی یہ کامیاب جوڑی فلم ''کٹاری'' سے الگ ہوگئی اور پھر ہدایتکار کے خورشید کی فلم ''شعلہ وشبنم'' سے ایم اشرف کے نام سے موسیقی دی۔ انھوں نے شباب کیرانوی، نذرالسلام، حیدر چوہدری، جمیل اختر، ایف اے بخاری سمیت تمام معروف ڈائریکٹرز کے ساتھ کام کیا لیکن سب سے زیادہ کام پروڈیوسر وڈائریکٹر شباب کیرانوی کے ساتھ ہی کیا۔

مرحوم نے''سپیرن''، ''سکھ کا سپنا''، ''بلبل بغداد''، ''''ماں کے آنسو''، ''تیس مار خاں''، ''جمیلہ''، ''اندھی محبت''، ''لاڈلی''، ''بھرجائی''، ''عورت کا پیار''،''کوہ نور''، ''آئینہ'' ''میرا نام ہے محبت''، ''جوگی''، ''دوپتر اناراں دے''، ''قیمت''، ''دلاری''، ''سوسائٹی''، ''تمہی ہو محبوب میرے ''، ''افسانہ زندگی کا''، ''دل ایک آئینہ''، ''دامن اور چنگاری''، ''شمع ''، ''آئینہ اور صورت''، ''پھول میرے گلشن کا''، ''درد''، ''شبا نہ''، ''نذرانہ''، ''گھرانہ''، ''قربانی''،''بازار حسن''، ''چراغ بالی''، ''انسانیت''، ''رانی بیٹی راج کریگی'' سمیت ان گنت فلموں کا میوزک ترتیب دیا ۔ جن میں انھوں نے ملکہ ترنم نورجہاں ، شنہشاہ غزل مہدی حسن ، احمد رشدی، مہناز ، غلام عباس ، مسرت نذیر، نسیم بیگم ، رونا لیلیٰ ، مسعود رانا ، اخلاق احمد، ناہید اختر، طاہرہ سید ، اے نیئر ،نیرہ نور، مالا بیگم، انو ر رفیع سمیت دیگر سنگرز کی آواز میں ایسے یادگار گانے ریکارڈ کیے جو آج بھی پسند کیے جاتے ہیں ۔




ان کے یادگار گانوں میں ہمارے دل سے مت کھیلو، جب کوئی پیار سے بلائے گا، کڑیو سون دا مہینہ، پانڈے کلی کرالو، نموآں دا جوڑا ،اساں باگے وچوں توڑیا، لشکارا جاوے گلی گلی ، دوپتر اناراں دے، محبت تیری زندگی میری، ، اک پاسے شمع بلے، میرا لونگ گواچا، ایناں زلفاں کالیاں نوں، دس کتھاں گزاری آ رات وے، یہ دل کب اس کے آگے جھکا، تمہی ہو محبوب میرے ، سہیلی تیرا بانک پن لٹ گیا، افسانہ دل ہے، زمانے کی نظروں میں بے وفا ہوں ، توجہاں کہیں بھی جائے میرا پیار یاد رکھنا، زندگی کے سفر میں اکیلے تھے، میرا بابو چھیل چھبیلا میں توناچوں گی، مٹی کے کھلونے بابولے لو ، یہ وعدہ کرو کہ محبت کرو گے ، یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم ، تمہیں پیار کرتے کرتے میر ی عمر بیت جائے، توپھول ہے میرے گلشن کا، بے ایمان چاہوں تجھے، تُت تُت تارا تارا، دل کو جلانا ہم نے چھوڑ دیا ، جس دن بھلا دوں تیرا پیار دل سے ، کسی مہرباں نے آکے میری زندگی،کالا سیاہ کالا، تیرا سایہ جہاں بھی ہوسجناں اور لہروں کی طرح ہم تجھ کو بکھرنے نہیں دیں گے شامل ہیں ۔

اس کے علاوہ پی ٹی وی کا کا مقبول ملی نغمہ ''اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں'' بھی ان کا ہی تیار کیا ہوا ہے۔ مرحوم نے گلوکارہ ناہید اختر، رجب علی ،انور رفیع کو متعارف کروانے کے علاوہ گلوکارہ نیرہ نور اور طاہرہ سید سے بھی گانے گوائے۔مرحوم کو بہترین موسیقار کے 13نگار ایوارڈ ملے ۔اپنے انداز کا یہ میوزک ڈائریکٹر چار فروری 2007کو انتقال کرگئے۔
Load Next Story