عمران خان کی چھوڑی 4 نشستوں پر پی ٹی آئی 2 ہار گئی

قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 155،ن لیگ85 اور پی پی کی54 نشستیں۔


ثاقب ورک October 15, 2018
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی 155،ن لیگ85 اور پی پی کی54 نشستیں۔ فوٹو: فائل

گرینڈ ضمنی انتخابات پی ٹی آئی کیلیے لمحہ فکریہ رہا جب کہ پی ٹی آئی اپنے کپتان کی جیتی ہوئی 2 نشستیں ہارگئی۔

پی ٹی آئی عمران خان کی لاہور اور بنوں سے جیتی ہوئی نشست ہارگئی، مسلم لیگ ن کے 2 ہیوی ویٹ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی پہنچ گئے۔

این اے 35 بنوں میں ایم ایم اے کے زاہد اکرم درانی نے پی ٹی آئی کے نسیم علی شاہ کو شکست دی۔ وفاقی دارلحکومت میں کپتان عمران خان کی جیتی ہوئی این اے 53 کی نشست کھلاڑی علی اعوان کے نام رہی، انھوں نے ن لیگ کے راجہ وقار احمد کو شکست دی۔

اٹک سے پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی این اے 56 کی نشست ن لیگ کے ملک سہیل لے اڑے، انھوں نے پی ٹی آئی کے ملک خرم کو شکست دی، این اے 60 راولپنڈی میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، وزیر ریلوے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد دلچسپ مقابلے کے بعد مسلم لیگ ن کے سجاد خان سے فتحیاب ہوئے۔

این اے 63 میں مقابلہ یکطرفہ رہا، چوہدری نثار کو شکست دینے والے وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کے بیٹے منصور حیات جیت گئے، انہوں نے ن لیگ کے عقیل ملک کو شکست دی۔ مسلم لیگ ق این اے 65 اور این اے 69 سے اپنی چھوڑی ہوئی دونوں نشستیں جیت گئی۔

یکطرفہ مقابلوں کے بعدچوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کے بیٹے چوہدری مونس الہیٰ جیت گئے۔ حمزہ شہبازکی چھوڑی ہوئی نشست پر مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو لاہور سے معرکہ لڑایا جنھوں نے پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان کو بآسانی شکست دے دی۔

این اے 131 پر خواجہ سعد رفیق نے حال ہی میں میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ہمایوں اختر خان کو شکست سے دوچار کیا۔ کراچی میں وزیراعظم خان کی چھوڑی ہوئی ایک اور نشست پر پی ٹی آئی کے عالمگیر خان نے اپنی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے عامر چشتی کو ہرا دیا۔

ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کچھ اسطرح سے ہے کہ پی ٹی آئی 155 نشستوں کے ساتھ نمبر ون جماعت ہے، مسلم لیگ ن 85 نشستوں کیساتھ دوسرے جبکہ پیپلزپارٹی 54 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔

ایم ایم اے کی نشستیں اب بڑھ کر16 ہوگئی ہیں جبکہ ق لیگ کی نشستوں پرکامیابی کے بعدان کی 5 سیٹیں ہوگئیں، ایم کیو ایم 7 ، بی اے پی 5، بی این پی 4، جی ڈی اے 3، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کی ایک ایک نشست ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |