کراچی شدید گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ نے قیامت ڈھا دی

عوام کے معمولات زندگی متاثر، گرمی سے بچنے کیلیے شہریوں کی بڑی تعداد ساحلی مقامات اور پارکوں میں پہنچ گئی


Staff Reporter June 12, 2013
کھانے پینے کے مراکز کی رونق بھی بڑھ گئی، منگل کو درجہ حرارت37ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد تھا، آج بارش کا امکان فوٹو: فائل

کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ۔ منگل کو بھی تیز دھوپ تمام دن آگ برساتی رہی ، حبس نے بھی لوگوں کے اوسان خطا کردیے۔

سارا دن شہری پسینے میں شرابور رہے جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں پر مزید قیامت ڈھادی، شہر بھر میں لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ لوگوں نے گرمی سے بچنے کیلیے شہر کے ساحلی مقامات اور پارکوں کا رخ کرلیا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کے ای ایس سی کی جانب سے5 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو سخت گرمی اور حبس میں شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے بدترین گرمی سے بچنے کیلیے سرشام شہر کے ساحلی مقامات کلفٹن، ہاکس بے، سینڈزپٹ، سی ویو کا رخ کرلیا اور دن کا کچھ وقت ساحل سمندر پر خوشگوار موسم میں گزار کر بھرپور لطف اٹھایا۔



ساحلی مقامات پر شہریوں خصوصاً نوجوانوں، بچوں اور خواتین کا انتہائی رش دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے پارکوں اورباغات کا بھی رخ کیا اور باغ ابن قاسم، اللہ دین پارک،عزیز بھٹی پارک، ہل پارک، سفاری پارک میں شام کے اوقات میں زبردست رونق دیکھنے میں آئی۔ شدید گرمی کی وجہ سیشہر میں مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ شہر بھر میں گنے کے شربت، آم، کیلے و دیگر پھلوں کے جوس کی فروخت بھی بڑھ گئی۔ دودھ کی دکانوں پر دودھ اور دہی کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری ہے۔

شہری شام اور رات کے اوقات پرسکون انداز میں گزارنے کیلیے ہوٹلوں، ریستورانوں اور فاسٹ فوڈکے مراکز کا بھی رخ کر رہے ہیں ۔ اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں برنس روڈ ،پاکستان چوک، ایمپریس مارکیٹ، جامع کلاتھ، کھارادر کے علاوہ گلشن اقبال، عزیزآباد، لیاقت آباد و دیگر مقامات پر ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ کے ریسٹورنٹ پر شہریوں کا خاصا رش دیکھنے میں آرہا ہے ۔کراچی میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.0 رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد تھا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں مطلع ابرآلود رہے گا اور شہر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |