دو ڈپٹی گورنرز اسٹیٹ بینک سمیت چار بینکوں کے سربراہان برطرف

مالیاتی اداروں کے سربراہان کو وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت ہٹایا گیا ہے


ویب ڈیسک October 15, 2018
نیشنل بینک، زرعی ترقیاتی بینک، فرسٹ ویمن بینک اور ایس ایم ای بینک کے سربراہان کو ہٹایا گیا ہے (فوٹو: انٹرنیٹ)

حکومت نے اسٹیٹ بینک کے دو ڈپٹی گورنر اور نیشنل بینک سمیت 4 بینکوں کے سربراہان کو عہدوں سے برطرف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے متعدد مالیاتی اداروں کے اعلیٰ عہدے داروں کو برطرف کردیا ہے اور یہ اقدام وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

برطرف کیے گئے افراد میں ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان شمس الحسن، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور سی ای او سعید احمد، صدر و سی ای او زرعی ترقیاتی بینک سید طلعت محمود، صدر و سی ای او فرسٹ ویمن بینک طاہرہ رضا، صدر و سی ای او ایس ایم ای بینک احسان الحق، کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ارکان ڈاکٹر شہزاد عنصر اور ڈاکٹر محمد سلیم شامل ہیں۔

حکومت نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی چیئر پرسن ودیعہ خلیل کی بطور چیئر پرسن دوبارہ تقرری کا فیصلہ بھی واپس لے لیا ہے۔

برطرف کردہ افسران کی جگہ جنہیں تعینات کیا گیا ہے ان میں زرعی ترقیاتی بینک کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ شیخ امان اللہ کو بینک کا قائم مقام صدر، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نوشابہ شہزاد کو فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی سی ای او اور سینئر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ ایس ایم ای بینک دلشاد علی احمد کو قائم مقام صدر و سی ای او مقرر کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔