کراچی میں پی ٹی آئی کے دو ارکانِ اسمبلی کے درمیان جھگڑا
پاکستان تحریک انصاف کے دو ارکانِ اسمبلی میں جھگڑا ہوگیا اور دونوں کے حامیوں نے ایک دوسرے کی خوب دھنائی کی۔
کراچی کے علاقے تیسر ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور رکنِ سندھ اسمبلی رابستان خان کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں دونوں سیاسی رہنماؤں کے حامی بھی کود پڑے۔ جھگڑے کے دوران دونوں طرف سے مکوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال ہوا۔ دونوں رہنماؤں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مغلظات بھی بکیں۔
آفتاب جہانگیر نے بڑی مشکل سے خود کو بچانے کی کوشش کی اور گاڑی میں بیٹھ کر خود کو لاک کرلیا۔ رابستان کے مشتعل ساتھی اور کارکنان آفتاب جہانگیر کی گاڑی پر مکے اور لاتیں مارتے رہے۔ آفتاب جہانگیر بمشکل گاڑی میں وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں سیاست دانوں میں زمین کے تنازع پر جھگڑا ہوا۔ آفتاب جہانگیر زمین کے تنازع کو حل کرانے کے لیے تیسر ٹاؤن پہنچے تو فریق مخالف کی طرف سے رابستان وہاں پہنچ گئے۔ اختلاف رائے کی وجہ سے دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
رابستان خان نے اپنے ہی رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور ان کے حامیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ کافی دیر تک یہ جھگڑا چلتا رہا جس کے بعد آفتاب جہانگیر وہاں سے چلے گئے۔ یہ معاملہ پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت کے پاس چلا گیا ہے جو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے گی۔ ایم پی اے رابستان خان نے اپنے موقف میں کہا کہ کارکنان کا آپس میں جھگڑا ہوا تھا اور اب معاملہ کنٹرول میں ہے۔
واضح رہے کہ آفتاب جہانگیر این اے 252 جبکہ رابستان خان پی ایس 122 سے منتخب ہوئے تھے۔