پاک بحریہ کے بیڑے میں جدید ’’پی این ایس معاون‘‘ بھی شامل

کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز ہے، جسے ترکی کے اشتراک سے تیار کیا گیا


Staff Reporter October 17, 2018
جہاز پر 2 ہیلی کاپٹرز کی گنجائش، جدید ترین طبی سہولتیں موجود اور قدرتی آفات میں بحری جہازوں کو فوری امداد فراہم کر سکتا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

پاک بحریہ میں فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون کی شمولیت سے دفاعی خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے اور یہ پاک ترک دوستی کی روشن دلیل بھی ہے۔

پاک بحریہ کیلیے تیار کردہ 1700 ٹن فلیٹ ٹینکر پی این ایس معاون پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کر دیا گیا، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پی این ایس معاون کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر ہونے والا سب سے بڑا بحری جنگی جہاز ہے، جسے ترکی کی M/s Savunma Teknologiler Muhendisilik (STM)کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، یہ جہاز کئی مختلف قسم کے میری ٹائم آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کا حامل ہے جن میں سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو تیل اور دیگر فوجی سازو سامان کی فراہمی شامل ہے، جہاز پر 2 ہیلی کاپٹرز کی گنجائش موجود ہے۔

علاوہ ازیں پی این ایس معاون پر جدید ترین طبی سہولتیں بھی موجود ہیں جس کی بدولت یہ جہاز کسی بھی قسم کی قدرتی آفات کے دوران سمندر میں محو سفر دوست ممالک کے بحری جہازوں کو فوری امداد بھی فراہم کر سکتا ہے۔

اپنے خطبہ استقبالیہ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ بحری جنگی جہازوں کی تعمیر کے میدان میں خود انحصاری کے حصول کیلیے کوشاں ہے، ماضی میں پاکستان میں تعمیر کیے گئے متعدد بحری پلیٹ فارمز جیسے F-22P فریگیٹس، سب میرینز اور کمبیٹ سپورٹ شپز اور اسی طرز کے آئندہ کے منصوبے ہماری جہاز سازی کی صلاحیت میں بے پناہ اضافے کا باعث ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بیش بہا بحری وسائل سے نوازا ہے اور ہم اس سیکٹر یعنی بلیو اکانومی کو فروغ دے کر ان وسائل سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں،انھوں نے پاکستان میں اس جہاز کی تیاری پر وزارت برائے دفاعی پیداوار، پاکستان نیوی، M/s STMاور کراچی شپ یارڈ کو مبارک باد بھی پیش کی۔

تقریب میں وفاقی وزرا، سفرا، نمایاں سول شخصیات اور فوجی حکام کے علاوہ ترک حکام بشمول اسماعیل دیمیر، صدر ترک دفاعی صنعت، محسن دیر، نائب صدر برائے دفاع اور دیگر ترک حکام نے شرکت کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں