ورلڈ کپ پر آئی سی سی کے ایک اور یوٹرن کا امکان

شریک ٹیموں کی تعداد پھر سے بڑھانے کے معاملے پر سنگاپور میٹنگزمیں بات ہوگی

شریک ٹیموں کی تعداد پھر سے بڑھانے کے معاملے پر سنگاپور میٹنگزمیں بات ہوگی۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پر ایک اور یوٹرن کا امکان ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کو مختصر اور معیار میں بہتری کیلیے ٹیموں کی تعداد کم کی تھی، جس کے تحت آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ صرف 10 ٹیموں پر مشتمل ہوگا، اس میں زمبابوے، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز جیسی ٹیمیں شریک نہیں ہونگی، اس حوالے سے ورلڈ گورننگ باڈی کو تنقید کا بھی سامنا ہے، 2015 کا شوپیس ایونٹ 14 ٹیموں پر مشتمل تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق سنگاپور میں جاری میٹنگز میں اس حوالے سے کسی فیصلے کا تو امکان نہیں تاہم اس بارے میں جائزہ لیے جانے کی توقع ہو رہی ہے، ورلڈ کپ 2023 اور اسکے بعد والے ایڈیشنز میں ٹیموں کی تعداد پھر سے بڑھانے پر غور ہوگا، مسابقتی ٹیموں کو میگا ایونٹ میں رسائی دینے کیلیے زیادہ مضبوط اور مشکل کوالیفائنگ طریقہ کار کا آپشن بھی موجود ہے۔


اسی طرح ورلڈ ٹی 20 میں بھی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جاسکتی ہے،آئی سی سی پہلے ہی تمام ممبرممالک کو مختصر ترین فارمیٹ میں انٹرنیشنل اسٹیٹس دینے کا اعلان کرچکی ہے، اس لیے موجودہ 16 ٹیموں کے فارمیٹ کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے ابتدائی چار ایڈیشنز میں ٹیموں کی تعداد 8 رہی تھی، 1992 میں یہ 9 ہوئی، 1996 اور 1999 میں 12 ٹیموں میں مقابلہ ہوا، 2003 میں یہ تعداد 14 اور 2007 میں 16 تک پہنچ گئی،2011 اور 2015 کے ایڈیشنز میں 14، 14 ٹیموں میں ٹائٹل کی جنگ ہوئی تھی، اب اگلے برس انگلینڈ میں 10 ٹیمیں برسرپیکار ہوں گی۔

 
Load Next Story