پاکستان سے باہمی سیریز احسان مانی نے بھارتی موقف کو منافقت قرار دیدیا

آئی سی سی ایونٹ میں تو کھیلتے ہیں مگر باہمی سیریز میں نہیں، چیئرمین بورڈ

نجم سیٹھی کی جگہ ہوتا توڈسپیوٹ کمیٹی میں جانے کے بجائے مذاکرات کرتا، احسان مانی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے پاکستان سے باہمی سیریز پر بھارتی موقف کو منافقت قرار دے دیا۔

احسان مانی نے ویب سائٹ 'کرک انفو' کو انٹرویو میں کہاکہ اہم چیز ہم دونوں ممالک کا آپس میں کھیلنا ہے، اس سے لوگوں کے آپس میں تعلقات بہتر ہوتے ہیں، مقابلے دیکھنے کیلیے بھارت سے لاکھوں شائقین پاکستان آتے اور خوشی خوشی گھروں کو واپس لوٹتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلیے اسپورٹنگ اور کلچرل روابط سے بہتر راستہ اور کوئی نہیں ہے، میرے لیے یہ چیز باہمی سیریز سے حاصل ہونے والی دولت سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ بھارتی شائقین بھی روایتی حریفوں کے مقابلے دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں، آئندہ برس چونکہ بھارت میں انتخابات ہونے جارہے ہیں اس لیے ان کے موقف میں تبدیلی کا امکان نہیں، مگر طویل المدتی تناظر میں لوگ باہمی سیریز چاہتے اور آپ ان کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتے۔


احسان مانی نے کہاکہ اس وقت بھارتی موقف میں کافی منافقت پائی جاتی ہے، وہ ہم سے آئی سی سی ایونٹ میں تو کھیلتے ہیں مگر باہمی سیریز میں نہیں، ہمیں اس معاملے کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔

اس کہ بھارت سے نہ کھیل کر کیا پاکستان کرکٹ قائم رہ سکتی ہے تو انھوں نے صرف ایک لفظ میں جواب دیا کہ 'ہمیشہ'۔ چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ دولت ایشو نہیں بلکہ کھیل زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

ایک اور سوال پر کہ اگر وہ نجم سیٹھی کی جگہ ہوتے تو کیا باہمی سیریز کے حوالے سے معاملے کو آئی سی کی کی ڈسپیوٹ کمیٹی میں لے جاتے تو احسان مانی نے کہاکہ میں بھارتی بورڈ اور ان کی حکومت سے مذاکرات کو ترجیح دیتا، انھوں نے اس حوالے سے اپنے آئی سی سی کے دور صدارت کا حوالہ دیا جب بھارتی حکومت کو 15 برس بعد پاکستان کے مکمل ٹور پر راضی کیا تھا۔

 
Load Next Story