بشیر جان پر دستی بم سے حملہ کراچی میں فائرنگ تشدد

ککری گرائونڈسے نوجوان کاسر،دھڑجناح برج سے ملا،کورنگی مل ایریا،پریڈی،سائٹ میں ہلاکتیں،سنی تحریک کازخمی رکن جاں بحق


Staff Reporter August 17, 2012
ککری گرائونڈسے نوجوان کاسر،دھڑجناح برج سے ملا،عثمان آباد،کورنگی مل ایریا،پریڈی،سائٹ میںبھی ہلاکتیں،سنی تحریک کازخمی رکن جاں بحق۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2خواتین اورسی آئی ڈی اہلکارسمیت8 افرادہلاک ہوگئے جبکہ سائٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمابشیرجان دستی بم حملے میں بال بل بچ گئے، حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے،واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی اورخوف وہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیر آبادکے علاقے فرنٹیئرکالونی حقانیہ محلہ مزارکے قریب پلیہ پرعوامی نیشنل پارٹی کے جنرل سیکریٹری بشیرجان اپنی ڈبل کیبن گاڑی میں جیسے ہی پہنچے،قریب ہی واقع کچی آبادی کی تنگ گلیوں سے نامعلوم دہشت گردوں نے ان دستی بم سے حملہ کردیااوراندھا دھند فائرنگ کر دی تاہم بشیرجان قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے اوران کی سیکیورٹی کے لیے عقب میں چلنے والی ٹویوٹاکرولا کار نمبر ASC-727 دستی بم اورفائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار 2پولیس اہلکار نعمان اور تنویر کے علاوہ شادی خان،عبدالمنان ، عاطف اورمحمد گل زخمی ہوگئے تاہم پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آورتنگ و تاریک گلیوں میں فرارہوگئے،بشیر جان پر دستی بم حملے اورفائرنگ سے قریب ہی واقع پی ایم ٹی بھی خوفناک دھماکے سے پھٹ گئی،بشیر جان پرقاتلانہ حملے کی خبرپورے شہر میں پھیل گئی جبکہ فرنٹیئرکالونی میں واقعے کے بعد نامعلوم افرادنے شدیدفائرنگ بھی کی۔

پولیس کا کہناہے کہ بشیر جان چندروز قبل بنارس کے علاقے میں قتل کیے جانے والے اے این پی کے عہدیدارامیر سردار کے گھر فاتحہ خوانی کے لیے گیے تھے۔عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے بشیر جان پرقاتلانہ حملے کی اطلاع پر ان کی خیریت دریافت کی اورواقعے پراپنے تحفطات کااظہارکیاہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علیشاہ نے بشیر جان پرحملے کی پرزور مذمت کی ہے اور آئی جی سندھ اور اے آئی جی پولیس کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ادھر کورنگی صنعتی ایریاکے علاقے گلزارکالونی سیکٹر31میں واقعے بازارمیں2 افرادکے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے35 سالہ نور گل سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

مقتول کچی آبادی بلال کالونی سیکٹر8/Fگلی نمبر3 کورنگی انڈسٹریل ایریا کا رہائشی تھا۔عثمان آباد جیلانی مسجد کے قریب باغ ہالارکے سامنے نامعلوم موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے سی آئی ڈی پولیس کاکانسٹیبل40 سالہ ناصرخان نیازی ہلاک ہو گیا،واقعے کے بعد علاقے میں دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا اور2گروپوں میں مورچہ بند فائرنگ شروع ہو گئی،عثمان آباد گلی نمبر10میں فائرنگ کی زد میں آکر25 سالہ جاوید ولد اکرم ، دھوبی گھاٹ گلی نمبر 5 میں فائرنگ کی زد میں آکر45 سالہ ریاض اور28 سالہ محمد ماجد ولد محمد اسلم زخمی ہوگئے،اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

جاں بحق ہونے والا ناصر خان نیازی عثمان آباد عیدگاہ کے قریب گلی نمبر2 کا رہائشی اورڈی آئی جی سی آئی ڈی کے آفس میں تعینات تھا،مقتول ڈاک تقسیم کرنے کاکام کرتاتھا،مقتول نے دو شادیاں کی تھیں پہلی بیوی سے ایک لڑکی جبکہ دوسری بیوی سے 3 لڑکیاں اور3 لڑکے ہیں،مقتول کا بھتیجا حارث نیازی گینگ وار کے مرکزی ملزم تاج الدین عرف تاجو کا دست راست تھاجسے تقریباً 3 ماہ قبل کلاکوٹ تھانے کی حدود عثمان آباد بنجارن گلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیاتھا۔بریگیڈکے علاقے نیوپریڈی اسٹریٹ پارکنگ پلازہ کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے50سالہ فیروزخان ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر 45 سالہ شوکت زخمی ہو گیا،مقتول جٹ لائن اورزخمی پراناگولیمار کے رہائشی ہیں۔

سپرہائی وے سکندرگوٹھ ریتی بجری ٹرک کے اڈے کے قریب2خواتین کی لاشیں ملیں،دونوں خواتین کو نامعلوم افراد نے اغوا کر کے بہیمانہ تشددکانشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا،ہلاک ہونے والی خواتین کی شناخت 40 سالہ ممتازبی بی اور30 سالہ نسیم بی بی کے نام سے ہوئیں جسے غلام فرید نامی شخص نے شناخت کیا، غلام فرید نے پولیس کواپنے بیان میں بتایا کہ وہ یونیورسٹی روڈ محکمہ موسمیات شیر محمدگوٹھ میں رہائش پزیر ہے،ممتازاور نسیم اس کی بیویاں ہیں،دونوں بدھ کی شب عیدالفطرکے سلسلے میں بچوں کے کپڑوں اور جوتوں کی خریداری کیلیے الا آصف اسکوائرکے مارکیٹ خریداری کیلیے آئی تھیں جس کے بعد لاپتہ ہوگئیں،2 خواتین کی لاشیں ملنے کی خبر دیکھ کرفوری طور پر اسپتال گیااور لاشوں کو شناخت کر لیا،مقتولہ ممتازبی بی کی کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ نسیم بی بی2 بیٹیوںکی ماں تھی،آبائی تعلق بہاولپورکے علاقے حاصل پور سے تھا۔

غلام فرید نے بتایاکہ وہ منی بسوں اور بسوں کی ڈیکوریشن کاکام کرتا ہے ، پولیس کے مطابق واقعہ زاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتاہے۔ قائدآبادمیں نامعلوم ملزمان سندھ ریزرو پولیس کے اہلکارسے سرکاری سب مشین گن چھین لی اورفرار ہوگئے ۔ سندھ ریزرو پولیس کے اہلکارسلیم نے قائد آباد تھانے آکر بتایا کہ وہ مشرق کوچ میں جارہا تھا کہ گل احمد مل کے قریب سے نامعلوم ملزمان اس سے سرکاری سب مشین گن چھین لی اور فرار ہوگئے،وہ ایس ایس پی قیوم آباد بیس میں تعینات ہے واقعے کے وقت وہ کھارادرمیں انتظام ڈیوٹی پر جا رہا تھا۔ مانسہرکالونی لال کوٹھی کے قریب الیکٹرونکس کی دکان پربیٹھے ہوئے45سالہ کریم خان کونامعلوم ملزمان نے اندھادھندفائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول کو سینے اور پیٹ پر 4گولیاں لگیں،وہ مانسہر کالونی کا ہی رہائشی تھا،علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کاواقعہ بھتہ نہ دینے پر پیش آیاہے۔

سائٹ اے تھانے کے علاقے عابدآبادپہاڑی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 50 سالہ بنارس خان ہلاک ہوگیاجبکہ اس کابیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا،مقتول اپنے بیٹے کے ہمراہ جا رہاتھاکہ عقب سے آنے والے دو ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، مقتول سیکیورٹی کمپنی کاملازم اوراس کاآبائی تعلق پشاورسے تھا۔ککری گراؤنڈ کے قریب سے نوجوان کاکٹاہواسر ملاجس کی اطلاع پرپولیس نے موقع پرپہنچ کر سر کو قبضے میں لے کر دھڑ کی تلاش شروع کر دی،اسی سر کا دھڑ بغدادی کے علاقے جناح برج کے نیچے سے مل گیا،مقتول کی شناخت 28سالہ مسعودعرف دانش کے نام سے ہوئی ہے جولیاقت آبادنمبر 3 کارہائشی تھاجسے نامعلوم ملزمان نے بدھ کو رسالہ کے علاقے سے اغواکیاتھا۔ لانڈھی کے علاقے چراغ ہوٹل کے قریب فائرنگ سے شدیدزخمی ہونے والاسنی تحریک کے عہدیدار مولانا سلیم عباس نقشبندی دوران علاج اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔اس حملے میں عدنان قادری موقع پر ہی فائرنگ سے ہلاک ہوگیاتھا۔ڈاکس کالونی فاروق اعظم مسجدکے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے30 سالہ لقمان زخمی ہو گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں