بنی گالا میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرنے والی ٹیم پر فائرنگ 5 ملزمان گرفتار

بنی گالا میں ہونے والے آپریشن کے دوران متاثرہ افراد نے احتجاج کیا

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد،فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والی ٹیم پر فائرنگ کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر ضلعی انتظامیہ نے بنی گالا سمیت شہر کے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی عمارتیں اور مکانات مسمار کردیے۔

کارروائی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے عملے نے بھی حصہ لیا اور ہیوی مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں، اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن کرنے والی ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کی۔


یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا صوبے میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا فیصلہ

آپریشن کے دوران ایک عمارت کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے اندر موجود افراد نے جدید اسلحے سے فائرنگ کی جس پر پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

بنی گالا میں ہونے والے آپریشن کے دوران متاثرہ افراد نے الزام لگایا کہ سی ڈی اے نے ان کی قانونی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کردیا ہے ، متاثرہ افراد نے سی ڈی اے کی کارروائی پر احتجاج کیا اور قانونی چارہ جوئی کرنے کا بھی اعلان کیا۔
Load Next Story