عباس ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ کی دھاک بٹھانے لگے

ابتدائی 10 میچزمیں سب سے زیادہ 54وکٹیں لینے والے پاکستانی پیسر بن گئے۔

فخرزمان ڈیبیوٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹیزبنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر۔ فوٹو : فائل

محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ بولنگ کی دھاک بٹھانے لگے، وہ ابتدائی 10 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 54وکٹیں لینے والے پاکستانی پیسر بھی بن گئے ہیں۔

ابوظبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ایک اننگز باقی اور عباس اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں، انھوں نے اب تک 16.66 کی اوسط سے وکٹیں لی ہیں، یوں وہ 50 وکٹوں کی تکمیل کے دوران بہترین اوسط میں وقار یونس سے بھی آگے نکل گئے جنھوں نے17.77 کی ایوریج سے وکٹوں کی ففٹی بنائی تھی۔ اسی طرح فخر زمان ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی اوپنر بن گئے ہیں۔

دوسری جانب ناتھن لیون نے سابق فاسٹ بولر جونسن سے آسٹریلیا کے چوتھے کامیاب ترین ٹیسٹ بولر کا ریکارڈ چھین لیا، پاکستان سے جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران انھوں نے جونسن کو پیچھے چھوڑا جنھوں نے اپنے کیریئر کے دوران 313 ٹیسٹ وکٹیں لی تھیں۔ اس دوران لیون، بریٹ لی (310) سے بھی آگے نکل آئے، اب ان سے پہلے ڈینس للی (355)، گلن میک گرا (563) اور شین وارن (708) موجود ہیں۔


لیون نے کہاکہ میں نے جونسن کے ساتھ بہت زیادہ کرکٹ کھیلی اور وہ میرے بڑے بھائی کی طرح ہیں، بریٹ لی اور ان سے آگے نکلنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

مائیکل وان بھی محمد عباس کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہوگئے


انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کی صلاحیتوں کے گرویدہ ہوگئے، انھوں نے کہاکہ وہ مجھے بھی سامنے آنے پر ہر بار آئوٹ کردیتے۔ ابوظبی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں عباس نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 33 رنز پر 5 وکٹیں اڑائیں۔

مائیکل وان نے کہاکہ میں ایک برس سے محمد عباس کو دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی پیسر مجھے ہر بار صرف 6 گیندوں کے اندرپویلین بھیج دیتے۔
Load Next Story