بلوچستان میں امن کیلیے سیاسی قوتوں کا متحدہ ہونا ضروری ہے وزیراعظم

بلوچوں کے مسائل کے حل کیلیے سنجیدہ ہیں،لاپتہ افرادکے معاملے پرمکمل تعاون کریں گے ،بی این پی بھی اپنا کردار اداکرے

امن،اقتصادی ترقی اورخوشحالی اولین ترجیح ہے، نوازشریف،گفتگو،بلوچ وفدنے اخترمینگل کاپیغام پہنچایا، چیف الیکشن کمشنرآج ملیں گے۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے اپنی حکومت کے بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دورکرنے،لاپتہ افرادکی بازیابی سمیت دیگرمسائل کے حل کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے بی این پی (مینگل) پرزوردیاہے کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوکر اپنا اہم کردار ادا کرے بلوچستان میں امن وخوشحالی کیلیے سیاسی قوتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔

وہ بدھ کووزیراعظم آفس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے رہنماثناء اللہ بلوچ کی سربراہی میں ملنے والے بی این پی کے وفدسے ملاقات میں گفتگوکررہے تھے۔وفدمیں ڈاکٹرساجدترین،عبدالرئوف مینگل اورعیسیٰ نوری شامل تھے۔وفدنے وزیراعظم نواز شریف کوپارٹی کے سربراہ اورسابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اخترمینگل کاپیغام بھی پہنچایا۔وزیراعظم نے حالیہ انتخابات میں بی این پی کی طرف سے بھرپورطریقے سے حصہ لینے کوسراہتے ہوئے کہاکہ بی این پی کی قیادت قومی سطح پرملکی معاملات میںاپناکرداراداکرے نوازشریف نے کہاکہ (ن) لیگ نے بلوچستان اسمبلی میں اپنی واضح اکثریت کے باوجود صوبائی وزارت اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک کودی تاکہ صوبے میں نیچے تک عوام کویہ پیغام دیاجائے کہ(ن)لیگ ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے۔




بلوچستان سمیت پورے ملک امن،اقتصادی ترقی اورعوام کی خوشحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وفدنے وزیراعظم کوصوبے میں لاپتہ افرادکے مسئلے سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے حل کے لیے فوری اقدامات کامطالبہ کیا،وزیراعظم نے انہیں یقین دلایاکہ میری حکومت لاپتہ افرادسمیت صوبے کے تمام مسائل کے حل کیلیے مکمل تعاون اورمددفراہم کرے گی۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نواز شریف نے کہاکہ بلوچستان میںامن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے لیکن یہ سیاسی قوتوں کے تعاون کے بغیرممکن نہیں۔نمائندہ ایکسپریس کے مطابق چیف الیکشن کمشنرآج وزیراعظم سے ملاقات کریںگے۔چیف الیکشن کمشنرنوازشریف کووزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے پرمبارک دیں گے جبکہ ملاقات میں الیکشن کمیشن کے دیگرامورپر وزیراعظم کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story