ہاکی فیڈریشن کے خلاف سابق اولمپئنز اورانٹرنیشنل کھلاڑیوں کا گرینڈ الائنس

گرینڈ الائنس کا وزیر اعظم سے قومی کھیل کے معاملات کا نوٹس لینے اورموجودہ فیڈریشن کو برطرف کرنے کا مطالبہ


Mian Asghar Saleemi October 18, 2018
گرینڈ الائنس کا وزیر اعظم سے قومی کھیل کے معاملات کا نوٹس لینے اورموجودہ فیڈریشن کو برطرف کرنے کا مطالبہ فوٹو:میاں اصغر سلیمی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے گرینڈ الائنس بنا کر فیڈریشن عہدیداروں کوبرطرف کرکے معاملات کی شفاف تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

گرینڈالائنس میں شامل سینئر اولمپئینز کی طرف سے ڈیفنس کلب لاہور میں اہم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں اولمپیئن راؤ سلیم ناظم، اولمپیئن خواجہ جنید، اولمپیئن خالد بشیراور اولمپیئن نوید عالم سمیت دوسرے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی شامل تھے۔

شرکا کے مطابق گرینڈ الائنس کے تحت جلد قومی کھیل کی بقاء کے لئے ملک گیرمہم کا آغازہوگا جس میں پاکستان ہاکی اولمپئنز، انٹرنیشنل و نیشنل کھلاڑی، ٹیکنیکل آفیشلز کی بڑی تعداد شامل ہوگی۔

گرینڈ الائنس میں شامل اولمپیئن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پرعملدرآمد کے بجائے پی ایچ ایف ارباب اختیار نے مجرمانہ خاموشی اختیارکرلی ہے۔

انہوں نے کہا موجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ قومی کھیل کے معاملات میں غیر سنجیدہ ہے، وزیراعظم عمران خان قومی کھیل کے معاملات کا نوٹس لیں اورموجودہ فیڈریشن کوفوری برطرف کرکے نیب، ایف آئی اے، وزارت کھیل برائے صوبائی رابطہ سمیت سابق سینئر اولمپیئنز پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل دیں جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور خلاف ضابطہ بھرتیوں کی تحقیقات کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔