ٹی 20 سیریز عماد وسیم کیلیے ٹیم میں واپسی کا دروازہ کھل گیا

عامرکا ستارہ بدستور زیرگردش،وقاص مقصود منتخب،نوازاور حارث سہیل باہر


Sports Reporter October 19, 2018
سنچری بناکرپھرناکامیوں کا شکار ہونے والے حفیظ مختصر طرز کے اسکواڈ میں موجود۔ فوٹو : فائل

فٹنس ثابت کرنے پر عماد وسیم کیلیے واپسی کا دروازہ کھل گیا۔

آسٹریلیا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے15رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا،ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ڈراپ ہونے والے محمد عامرکو مختصر فارمیٹ میں بھی نظر انداز کردیا گیا،گزشتہ 5ون ڈے میں ایک بھی وکٹ نہ حاصل کرنے والے پیسر اس وقت ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں،محمد عامر کا خلا پاکستان اے کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے پیسر وقاص مقصود کریں گے۔

دوسری طرف فٹنس ثابت کرنے پر عماد وسیم کی واپسی ہوگئی،آل راؤنڈر گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا سے سیریز کے بعد محدود اوورز کی انٹرنیشنل کرکٹ کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے، وہ پی ایس ایل تھری میں سر پر چوٹ لگنے کے بعد میدانوں سے دور رہے، بعد ازاں فٹنس مسائل کا شکار رہے اور اب ایشیا کپ سے قبل بھی ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی وجہ سے زیر غور نہیں لائے گئے تھے۔

عماد وسیم کیلیے دورئہ زمبابوے کیلیے اسکواڈ میں شامل محمد نواز کو جگہ خالی کرنا پڑی، بابر اعظم کی واپسی کیلیے حارث سہیل کو جانا پڑا، دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری بنا کر پھر ناکامی کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی برقرار رہے۔

کینگروز سے سیریز کیلیے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں کپتان سرفراز احمد،فخرزمان، محمد حفیظ،صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک،آصف علی،حسین طلعت،فہیم اشرف، عماد وسیم،شاداب خان،حسن علی،عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی اور وقاص مقصود شامل ہیں۔

کینگروز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 24، دوسرا 26اور تیسرا 28اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ محمد عامر کو ڈراپ کیے جانے کی خبر ''ایکسپریس'' میں 11اکتوبر کو شائع ہوچکی، اسے عباس رضا نے فائل کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں