چین میں زیرِ حراست انٹرپول کے سابق سربراہ کی اہلیہ نے شوہر کو قتل کیے جانے کا خدشہ ظاہرکردیا

چین کی حکومت نے 23 سمتبر کو لاپتہ ہونے والے انٹرپول کے سربراہ کی گرفتاری کی تصدیق 8 اکتوبر کی تھی

انٹر پول کے سربراہ 23 ستمبر کو فرانس سے چین جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو : فائل

انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وائی کی اہلیہ گریس مینگ نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو چین میں دوران حراست قتل کیا جاسکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں مینگ ہونگ وائی نے کہا ہے کہ میرا مینگ ہونگ وائی سے تاحال براہ راست رابطہ نہیں ہوسکا ہے اس لیے مجھے یقین نہیں کہ میرے شوہر اب زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ میں اور میرے بچے اُن کے منتظر ہیں۔ میں نے بچوں کو کہہ دیا ہے کہ آپ کے والد ایک طویل بزنس دورے پر گئے ہوئے ہیں۔

جذباتی انٹرویو کے دوران اُن کی آنکھیں بھر آئیں۔ خود پر کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام گریس مینگ کا بھرائی ہوئی آواز میں کہنا تھا کہ 23 ستمبر سے میں نے شوہر کی آواز نہیں سنی ہے اور نہ انہیں دیکھا ہے اس لیے یقین سے نہیں کہ سکتی کہ وہ اب بھی حیات ہیں اور جلد ہمارے درمیان موجود ہوں گے۔

اپنے دو بچوں کے ہمراہ فرانس میں مقیم مینگ ہونگ وائی کی اہلیہ اپنے اور بچوں کے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں اور چینی حکام کی حراست میں اپنے شوہر کی زندگی کے لیے عالمی قوتوں سے رجوع کررہی ہیں لیکن تاحال کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا ہے۔


انٹرپول کے سربراہ نے اپنی گمشدگی کے دو روز بعد اہلیہ کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں ایک خنجر دکھایا گیا تھا جسے گریس مینگ نے اپنے شوہر کی زندگی خطرے میں ہونے سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی اداروں کو اُن کی گمشدگی اور پیغام سے آگاہ کیا تھا۔

ستمبر کے آخری ہفتے میں گمشدہ ہوجانے والے سربراہ مینگ ہونگ وائی کا استعفیٰ 5 اکتوبرکو انٹرپول آفس کو موصول ہوا تھا جس میں انہوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اپنی خدمات جاری رکھنے سے معذرت کرلی تھی۔

تاہم 8 اکتوبر کو چین نے انہیں حراست میں لیے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سابق وزیر رشوت خوری اور کرپشن میں ملوث ہیں اور چین کے صدر کی انسداد کرپشن کی پالیسی کے تحت اُن سے تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ مینگ ہونگ وائی انٹرپول کے سربراہ ہونے کے علاوہ حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کے رہنما بھی رہ چکے ہیں جب کہ بطور نائب وزیر اپنی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں اور 40 سالہ کیریر پولیس میں گزارا ہے۔
Load Next Story