پاکستانی فلم کی اداکارہ بالی ووڈ ہدایت کار کے ہاتھوں ہراسانی کا شکار

’نمستے انگلینڈ‘ کے آڈیشن کے دوران ہدایت کار ویپول شاہ کے ہاتھوں بہت برے تجربے سے گزری، ایلناز نوروزی


ویب ڈیسک October 19, 2018
اداکارہ ایلناز نوروزی کی فلم مان جاؤنا رواں برس فروری میں ریلیزہوئی تھی فوٹو:فائل

پاکستانی فلم ''مان جاؤ نا'' سے کیریئر کا آغاز کرنے والی ایرانی اداکارہ ایلناز نوروزی نے ''نمستے انگلینڈ'' کے ہدایت کار ویپول شاہ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کردیا۔

اداکارہ ایلناز نوروزی نے''می ٹو'' مہم کے تحت اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فلم''نمستے انگلینڈ'' میں ثانوی کردار کے لیے پیشکش ہوئی تھی (مرکزی کردار پرینیتی چوپڑا نے کیا ہے)۔ فلم کے ہدایت کارویپول شاہ نے انہیں ملنے کے لیے بلایا تھا۔

ایلناز نوروزی نے کہا کہ انہوں نے فلم کے لیے تقریباً 6 آڈیشن دئیے اور اس دوران انہیں کئی برے تجربات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں انہیں احساس ہوا کہ ویپول شاہ انہیں کام دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے صرف مجھے وہاں بلانے کے لیے فون کرتے ہیں۔

اداکارہ ایلناز نوروزی نے کہا کہ ''نمستے انگلینڈ'' ہاتھ سے جانے کے بعد انہیں بالی ووڈ ویب سیریز''سیکرڈ گیمز'' میں کام مل گیا تاہم ویپول شاہ نے انہیں ایک بار پھر جھانسا دینے کے لیے کہا کہ وہ مجھے نئی فلم میں کاسٹ کریں گے لہٰذا میں تین ماہ تک ذہنی اذیت کا شکار رہی۔ ایلناز نے کہا کہ وہ ہدایت کار کے خلاف پولیس میں جاناچاہتی تھیں لیکن جب انہیں لگا کہ پولیس ان کی مدد نہیں کرے گی تو انہوں نے ارادہ بدل لیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی فلم ''مان جاؤنا'' رواں برس فروری میں ریلیز ہوئی تھی فلم میں ایرانی اداکارہ ایلناز نوروزی اورکینیڈین اداکار عدیل چوہدری نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔