مقبوضہ کشمیر میں تین روز کے دوران شہادتوں کی تعداد 9 ہوگئی

قابض بھارتی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور پیلٹ گن سے گولیاں برسا کر درجنوں کشمیریوں کو زخمی بھی کردیا


ویب ڈیسک October 19, 2018
بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں آج مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا ہے جس کے بعد تین روز میں شہادتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بارہ مولا کے علاقے کرلہار میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،اس طرح تین روز میں شہادتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

جنت نظیر وادی میں گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ کے موقع پر ضلع پلوامہ، بارہ مولا اور سری نگر میں پُرامن احتجاج کیے گئے۔ بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مسلمان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے سری نگر کی جامعہ مسجد میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی۔

جامعہ مسجد میں جمعہ کی نماز پرپابندی کے بعد سیکڑوں مظاہرین مسجد کے اطراف جمع ہوگئے ۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔

قابض بھارتی فوج نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی جب کہ آنسو گیس کی شیلنگ اور پیلٹ گن گولیاں بھی برسائی گئیں جس کے دوران درجنوں کشمیری نوجوان، بزرگ اور بچے زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج کے ہاتھوں باندی پورہ میں نوجوان اسکالر عبد الرشید لون کی شہادت پرآج دوسرے روز بھی پلوامہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے عبدالرشید لون کی شہادت کے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔