روٹ پر حملہ وارنر ٹرافی اور ایشز وارم اپ میچز تک معطل

7 ہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد، 10 جولائی سے شیڈول ٹرینٹ برج کیلیے دستیاب ہونگے


Sports Desk June 14, 2013
لندن: معطلی سے دوچار آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر پریس کانفرنس کررہے ہیں، ان کے ساتھ ٹیم کے انجرڈ کپتان مائیکل کلارک بھی موجود۔ فوٹو: گیٹی امیجز

لاہور: نوجوان انگلش کرکٹر جوئے روٹ سے الجھنے والے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو چیمپئنز ٹرافی کے باقی میچز اور ایشز سے قبل سمرسٹ اور ووسٹرشائر کیخلاف وارم اپ میچز تک معطل کردیا گیا تاہم وہ 10 جولائی سے ٹرینٹ برج میں شروع ہونیوالے پہلے ایشز ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔

اس کے علاوہ آسٹریلوی کرکٹر پر اس واقعے کی پاداش میں 7 ہزار پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، وارنر کیخلاف ڈسپلنری سماعت بذریعہ ٹیلی کانفرنس کرکٹ آسٹریلیا کے سینئر کوڈ آف بہیویر( برتاؤ) کمشنر جسٹس گورڈن لیوس نے کی۔جس میں انھوں نے اوپنر کو اس واقعے پر اپنے ضابطہ اخلاق کے قواعد نمبر6 کی خلاف ورزی کا مرتکب گردانا، جو پلیئرز کے رویہ سے متعلق ہے، ڈیوڈ وارنر ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ جرمانے کا شکار ہوئے تاہم انھیں وطن واپس بلانے سے گریز کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وہ ٹوئٹر پر دو مقامی صحافیوں سے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل پر تنقیدی مضمون پر الجھ پڑے تھے، اس معاملے پر بھی وارنر پر 5750 آسٹریلوی ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا تھا جس کے بعد وارنر نے وطن واپسی پر مذکورہ صحافیوں سے جاکر معذرت بھی کی تھی، اگرچہ کرکٹ آسٹریلیا نے سماعت کی دیگر تفصیلات میڈیا کو ظاہر نہیں کیں اورنہ ہی وارنر کے ردعمل پرکچھ بتایا ہے۔



انگلینڈ کیخلاف روایتی ایشز مقابلوں سے قبل وارنر کا میزبان پلیئر سے جھگڑنے کا واقعہ کوئی نئی بات نہیں ہے، تاہم اس سے آسٹریلوی مہم کو ضرور نقصان پہنچ سکتا ہے، میچ پریکٹس نہ ہونے کی وجہ سے وارنر کے انتخاب کا امکان کم ہوجائیگا جس کے بعد امکان ہے کہ کینگروز بطور اوپنر واٹسن یا کرس روجرز میں سے کسی ایک کو آزمائے۔

قبل ازیں انگلش کرکٹ بورڈ نے واقعے کی تحقیقات میں اپنے پلیئرز کو بے قصور قرار دیا تھا ،ان کا کہنا تھا کہ مدہوش وارنر نے بلااشتعال جوئے روٹ پر حملہ کیا تھا، وارنر کیلیے موجودہ سال ابھی تک اچھا نہیں رہا ہے، جنوری میں انھیں سری لنکا کیخلاف ون ڈے پر امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرنے پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت سرزنش کی گئی جس کے بعد بھارتی دورے میں بھی ان کی پرفارمنس مایوس کن رہی، وارنر رواں برس ٹیسٹ میں 28 کی اوسط سے رنز بناپائے ہیں جبکہ ون ڈے میں 20.75 فیصد رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں