گواہ سدھارتھ پر کرکٹ کے دروازے بند ہونے کا امکان

مشکوک روابط سے بورڈ اور آئی پی ایل کو آگاہ نہ کرنے پر معطل کیا جاسکتا ہے


Sports Desk June 14, 2013
ابتدا میں گرفتار ہونے والے مشتبہ بولر امیت سنگھ کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔ فوٹو: فائل

لاہور: اسپاٹ فکسنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ راجستھان رائلز کے بولر سدھارتھ ترویدی پر بھی کرکٹ کے دروازے بند ہونے کا امکان ہے۔

مشکوک روابط سے بورڈ اور آئی پی ایل کو آگاہ نہ کرنے پر معطل کیا جاسکتا ہے، گجرات کے مشکوک بولر امیت سنگھ کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں سامنے آنے والے فکسنگ اسکینڈل میں اب تک تین کرکٹرزاوردو ٹیم مالکان کو معطل کیا جاچکا ہے، کھلاڑیوں میں راجستھان رائلز کے شری شانتھ، انکیت اور اجیت چنڈیلا جبکہ مالکان میں چنئی سپر کنگز کے مالک اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور راجستھان کے راج کندرا شامل ہے۔



اب اس کیس میں مزید دو کرکٹرز کے معطل کیے جانے کا امکان ہے، ان میں راجستھان رائلز کے ہی سدھارتھ تریویدی شامل ہیں جوکہ بظاہر تو کسی غلط حرکت میں ملوث نہیں مگر انھوں نے مشکوک روابط کے بارے میں اینٹی کرپشن یونٹ، آئی پی ایل یا پھر بھارتی کرکٹ بورڈ کو آگاہ نہ کرکے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی ہے۔ تریویدی دراصل استغاثہ کے وعدہ معاف گواہ اور مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کراچکے ہیں، انھوں نے پولیس کو بتایا کہ کئی بار انھیں فکسنگ کی پیشکش ہوئی مگر انھوں نے انکار کردیا۔

بی سی سی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تریویدی نے چونکہ اپنی ٹیم مینجمنٹ یا بورڈکوان مشکوک روابط کی رپورٹ نہیں کی، اس لیے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انھیں شوکاز نوٹس بھیجتے ہوئے تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا جائے گا۔ اسی طرح گجرات کے بولرامیت سنگھ کو بھی معطل کیا جائے گا، اسے بھی شری شانتھ، چھاون اور چنڈیلا کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا اگرچہ وہ رواں سیزن میں کسی آئی پی ایل ٹیم میں شامل نہیں تھا مگر کوڈ کا اطلاق کسی انٹرنیشنل یا بھارتی بورڈ کے زیر اہتمام کھیلے جانے والے آخری میچ کے بارہ ماہ تک ہوتا ہے جبکہ امیت نے گذشتہ برس آئی پی ایل اور رنجی سیزن میں گجرات کی نمائندگی کی تھی، اس پر شک ہے کہ وہ کھلاڑیوں اور بکیز کے درمیان رابطہ کا کردار ادا کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |