برطانیہ میں بچیوں سے زیادتی میں ملوث پاکستانیوں سمیت ایشیائی گروہ کو سزا سنادی گئی

ہڈرزفیلڈ گرومنگ گینگ سات برس سے اس فعل میں ملوث تھا

ان تمام مجرمان کو مجموعی طور پر 220 سال سے زائد کی سزا سنائی گئی ہے ۔ فوٹو: بی بی سی

برطانیہ میں پاکستانی، بھارتی اور دیگر ایشیائی ممالک سے وابستہ ایک ایسے گروہ کو تاریخی سزا سنائی گئی ہے جو ایک عرصے سے نابالغ بچیوں سے جنسی زیادتی، منشیات فروشی، بلیک میلنگ اور انہیں حبسِ بے جا میں رکھنے میں ملوث تھا۔

ہڈرزفیلڈ گرومنگ گینگ نامی اس گروہ نے 2004 سے 2011 تک کم ازکم 15 کم سِن بچیوں کو منشیات کا عادی بنایا ، انہیں بلیک میل کیا اور ان سے جنسی زیادتی کی۔ اس گروہ کا سرغنہ 35 سالہ امیر سنگھ ڈھالی وال کو قرار دیا گیا ہے جسے ان گنت بچیوں کے ریپ اور 54 جرائم کے نتیجے میں 18 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

گروہ کا ایک رکن ضمانت پر رہا ہونے کے بعد پاکستان فرار ہوچکا ہے۔ اس موقع پر جج جیفری مارسن نے کہا کہ ان کی نظر میں آنے والا یہ پہلا واقعہ ہے جو شدید نوعیت کا ہے جس میں مجرموں نے مسلسل اپنے مکروہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

اسے برطانوی تاریخ میں بچوں کو جنسی عمل پر ورغلانے کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔ اکثر مجرموں کا تعلق مغربی یارکشائر کے مصروف علاقے ہڈرزفیلڈ سے ہے اور لیڈز کراؤن کورٹ نامی عدالت میں ان تمام مقدمات کی سماعت کی گئی ہے۔


یہ گروہ بچیوں کو شراب اور دیگرمنشیات کا عادی بناتا تھا جس کے بعد ورغلاکر مختلف مقامات پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا تھا ۔ یہ عمل کئی برس سے مسلسل جاری تھا جس میں کم ازکم 15 کم سن لڑکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بعض بچیوں نے بتایا کہ ایک وقت میں ایک سے زائد مردوں نے انہیں تشدد اور بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔



20 افراد کے اس گروہ میں عبدالرحمان، محمد عظیم، نیہمان محمد، زاہد حسن، منظور حسن، محمد قمر، عرفان احمد، فیصل ندیم، محمد اسلم، راجہ سنگھ بسران، محمد اکرم، وقاص احمد، نصرت حسین، نیاز احمد، ساجد حسین، محمد افراز، آصف بشیر، محمد رضوان اسلم شامل ہیں جبکہ گروہ کا سرغنہ امیر سنگھ ہے۔

ان تمام مجرمان کو مجموعی طور پر 220 سال سے زائد کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ ایک مجرم پاکستان فرار ہونے میں کامیاب ہوچکا ہے۔

گروہ کے اراکین ایک دوسرے کو ڈریکولا، کڈ، بیسٹی، نرس اور فِش وغیرہ کے خفیہ ناموں سے بلاتے تھے، سماعت کے دوران تمام گواہوں اور متاثرہ بچیوں نے ملزمان کو شناخت کیا اور اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں۔
Load Next Story