حکومت نے پی ایچ ایف حکام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا

پی ایچ ایف نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے گرانٹ کی درخواست کی ہے لیکن مثبت جواب نہیں ملا


Muhammad Yousuf Anjum October 20, 2018
حکومت فنڈ کے معاملے پر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، پی ایچ ایف حکام فوٹو: فائل

کارکردگی سے ناخوش حکومت نے پی ایچ ایف حکام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا۔

قومی کھیل کی ترقی کے ذمہ داروں نے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کی تیاریوں کے لئے آٹھ کروڑ کی فوری گرانٹ جاری کرنے کی درخواست کررکھی ہے جس پر ابھی تک پی ایچ ایف عہدیداروں کو مثبت جواب نہیں ملا اور نہ ہی جلد امید کی کوئی کرن دکھائی دینے کا امکان ہے۔

پی ایچ ایف کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ حکومت ابھی تک ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ درخواست پر ہر بار ایک نیا اعتراض لگادیا جاتا ہے، آڈٹ رپورٹس کا تقاضا کیا جارہا ہے، ہمارا موقف ہے کہ ہر حساب دینے کو تیار ہیں، ابھی جو گرانٹ فوری طور پر درکار ہے اسے تو ریلیز کریں۔ ایک ایک پائی کے خرچ کا ریکارڈ موجود ہے۔ تاہم ابھ تک ہماری درخواست پر ایکشن نہیں ہوا جس کی بنا پر ہاکی امورز چلانا مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ ہم نے آٹھ کروڑ کی ڈیمانڈ کی ہے جس میں آدھے پیسے تو کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونسز اور دوسرے بقایا جات کی ادائیگی میں خرچ ہوجائیں گے۔ مسقط ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم شریک ہوئی ہے۔ اس پر ایک کروڑ لگے ہیں۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لئے مسقط سے واپسی پر کیمپ لگنا ہے۔ بھونیشورُ جانے کے لیے ٹکٹس کا انتظام کرنا ہے، ادھار پکڑ کر ہوٹل بکنگ کی دواقساط جمع کرواچکے، گیارہ ہزار ڈالر کی آخری قسط ابھی بھیجوانی ہے، جس کے لئے تیس اکتوبر کی ڈیڈ لائن ہے۔ معاشی مسائل سے پھنس ہوے ہیں، ایسے میں فنڈز کے فراہمی بہت اہم ہیں۔ اس غیر یقینی صورت حال میں ہم کس طرح کھلاڑیوں سے اچھے نتائج کی توقع رکھ سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔