شیخ رشید کا کراچی سے حیدرآباد شٹل ٹرین چلانے کا اعلان

50 روزمیں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوا ، شیخ رشید


ویب ڈیسک October 20, 2018
فریٹ ٹرینزکومزید فعال بنانے کے لیے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے فوٹو: فائل

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کراچی سے حیدرآباد شٹل ٹرین چلانے کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں کیلیے ریلوے کا تحفہ دیا ہے۔ کراچی سے دھابیجی تک شٹل ٹرین چلائی جائے گی، کراچی دھابیجی شٹل ٹرین سےآئی آئی چندریگرروڈ تک مزدوردھکے کھانے سے بچیں گے جب کہ کراچی اورحیدرآباد کے درمیان بھی شٹل ٹرین چلائی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ اکبرایکسپریس کا کوئٹہ سے لاہورکا کرایہ 1200 سے کم کرکے 800 روپے، بولان ایکسپریس کا کراچی سے کوئٹہ تک کا کرایہ 1200 سے کم کرکے 700 روپے اوراکبر ایکسپریس کا کوئٹہ سےلاہورکابرتھ کا کرایہ 1000 اورسیٹ کا کرایہ800 روپے کردیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کوچزکی فراہمی ریلوے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، ایک مہینے کے اندرایک سو کوچزٹریک پرلے آئیں گے ، پہلے 50 روز میں ریلوے کی کمائی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوا جب کہ پچھلے دورمیں 22 کروڑ کا انجن 42 کروڑ میں خریدا گیا، مجھے احساس ہورہا ہے کہ نواز شریف ، شہباز شریف سے چھوٹے چور تھے، ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے ضائع کیے گئے صرف احسن اقبال کے شہر نارروال میں ریلوے اسٹیشن پر40 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے، ریلوے مسائل کے حوالے سے رات بھر سونہیں سکتا ہوں اور اس دوران 16 کلو وزن کم ہوگیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ گرین لائن میں کیٹرنگ سروسز کو بحال کررہے ہیں، ایک ہفتے میں 3 ٹرینوں میں وائی فائی کی سہولت فراہم کردی جائے گی۔ سکھر، روہڑی میں وائی فائی سہولت دی تو لوگ وائی فائی استعمال کرنے اسٹیشن پہنچ گئے اس لیے وائی فائی کی سہولت صرف ریلوے مسافروں کیلیے ہے عام آدمی کیلیے نہیں جب کہ ریلوے کے سارے انجنوں کے ساتھ ٹرینکنگ لگانے والے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ فریٹ ٹرینزکومزید فعال بنانے کے لیے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے، ریلوے ٹریک کے قریب انڈسٹریاں اور اسکولوں کو بند کرارہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وعدہ کرتاہوں سیاسی بنیادوں پر کسی کو نوکری نہیں دوں گا، وزاعظم کوسمری بھجوائی ہے کہ وہ کنٹریکٹ ملازمین کو نوکریاں دینے کے حوالے سے اجازت دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔