سورج کی روشنی سے بجلی بنانے کا ایک اور سستا طریقہ ایجاد

سرامک کے ذریعے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے میں لاگت بھی کم آئے گی اور یہ طریقہ محفوظ بھی ہے، سائنس دان

سرامک کے ذریعے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جاسکے گی (فوٹو : سوشل میڈیا)

سائنس دانوں نے سورج کی حرارت سے بجلی پیدا کرنے کے لیے شمسی (سولر) پینل کے بجائے سرامک شیٹس کے استعمال کا کامیاب تجربہ کیا ہے، اس طریقے میں لاگت بھی کم آتی ہے اور یہ نہایت محفوظ بھی ہے۔

سائنسی جریدے نیچر کے مطابق امریکی یونیورسٹی پرڈیو کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے ایک ایسا مادہ تیار کیا ہے جو شمسی توانائی کو حرارت میں تبدیل کرکے بجلی پیدا کرسکتا ہے۔


شمسی توانائی سے حرارت اور حرارت کو برقی توانائی میں تبدیل کرنے کے اس حیرت انگیز عمل کے لیے سائنس دانوں نے سرامک کو استعمال کیا ہے اور اس عمل میں بہت کم لاگت آتی ہے ساتھ ہی یہ ماحول دوست بھی ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی کو حرارتی شکل میں جمع کرنے میں بہت کم لاگت آتی ہے جب کہ سولر پینل میں یہی عمل بیٹریوں سے کیا جاتا ہے اور بڑے پیمانے پر استعمال کے لیے ٹربائن کا استعمال بھی کیا جاتا ہے جو کہ کافی مہنگا پڑتا ہے۔

سائنس دانوں نے سولر پینل سے چھن کر جمع ہونے والی کرنوں کو حرارت میں تبدیل کرنے کے عمل کے بعد اسے برقی توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے بیٹری یا ٹربائن کے بجائے خصوصی طور پر تیار کردہ سرامک کی شیٹس کو استعمال کیا ہے جس سے حرارتی توانائی بآسانی برقی توانائی میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
Load Next Story