ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کا ڈیٹا طلب

ایف بی آر کو اثاثے ظاہر کرنے والوںکی الگ الگ تفصیلات دینے کی ہدایت


Numainda Express October 21, 2018
ایف بی آر کو اثاثے ظاہر کرنے والوںکی الگ الگ تفصیلات دینے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

وزارت خزانہ نے ایف بی آر سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت کالا دھن سفید کرانے والوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔

ایف بی آر کے ایک سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزارت خزانہ کی ہدایت پر تمام فیلڈ فارمشنز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سابق حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایمنسٹی اسکیم کے تحت ملکی و غیر ملکی اثاثہ جات ظاہرکرنے والوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ فراہم کی جائے اور اس حوالے سے الگ الگ تفصیلات فراہم کی جائیں جس میں ایمنسٹی اسکیم کے تحت رعایتی ٹیکس کی ادائیگی پر مقامی اثاثہ جات اور غیر ملکی اثاثہ جات کو قانونی حیثیت دلوانے والوں کی الگ رپورٹس مرتب کی جائیں اور اس میں یہ بھی بتایا جائے کہ ایف بی آر کو مقامی سطح پر ظاہر کردہ اثاثہ جات اور غیر ملکی اثاثہ جات ظاہر کرنے سے کتنا ریونیو حاصل ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے ساڑھے 5 ہزار سے زائد لوگوں نے 1800 ارب روپے سے زائد مالیت کے ملکی و غیر ملکی اثاثہ جات ظاہر کیے ہیں اور اب اس بارے میں الگ الگ بریک اپ کے ساتھ تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابھی 200 ارب روپے سے زائد کے اثاثہ جات کو قانونی حیثیت دینے کے حوالے سے چالان جمع کرانے کے باوجود اثاثہ جات ظاہر نہیں ہو سکے اور یہ معاملہ ایف بی آر کے پاس التوا میں پڑا ہوا ہے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں