ایم کیوایم کے یوم سوگ کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں معمولات زندگی بحال

یوم سوگ کو کامیاب بنانے پر عوام، تاجروں، دکانداروں اورٹرانسپورٹرز کے مشکور ہیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

ایم کیوایم کی جانب سے یوم سوگ ختم کرنے کے اعلان کے بعد شہر کی سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہوگیا، فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے نماز جمعہ کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ ختم کرنے کے اعلان کے بعد صوبے بھر میں معمولات زندگی بحال ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پر امن کامیاب یوم سوگ منانے پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاجروں،دکانداروں اورٹرانسپورٹرز سے اپیل کی تھی کہ وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنی سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں، رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی کے شہریوں نے یوم سوگ کو کامیاب بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں،ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے جب کہ جرائم پیشہ عناصر کی سیاسی و سرکاری سرپرستی کی جارہی ہے، کارکنوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل جلد تیار کیا جائے گا۔


متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ ختم کرنے کے اعلان کے بعد حیدرآباد،ٹنڈوالہ یار، میر پورخاص، شہداد پور، ٹنڈوآدم، کوٹری، نواب شاہ، بھٹ شاہ اورہالا سمیت دیگر چھوٹے شہروں میں بھی زندگی رواں دواں ہوگئی۔

دوسری جانب جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی اورسندھ ٹیکنیکل بورڈ کے تحت آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کردئیے گئے تھے جن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائےگا ۔

واضح رہے کہ کارکنوں کے مبینہ اغوا اور قتل کےخلاف ایم کیو ایم نے آج کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد صوبے کے چھوٹے، بڑے شہروں میں دکانیں اور مارکیٹیں مکمل طورپر بند رہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے انتہائی کم رہی اس دوران کراچی سمیت سندھ بھر کے پیٹرول پمپس اورسی این جی اسٹیشنز بھی بندر ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story