قومی کرکٹ ٹیم ’’گیئر‘‘ تبدیل کرنے کے لیے تیار

ٹیسٹ اسپیشلسٹ ریلیز،ٹی20پلیئرزآج یکجا ہوں گے،شعیب کی آمدمیں تاخیر


Sports Reporter October 21, 2018
ٹیسٹ اسپیشلسٹ ریلیز،ٹی20پلیئرزآج یکجا ہوں گے،شعیب کی آمدمیں تاخیر۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم ''گیئر'' تبدیل کرنے کیلیے تیار ہے جب کہ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کرکٹرز کو ریلیز کردیا گیا۔

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0سے فتح کے بعد طویل فارمیٹ کے اسپیشلسٹ کرکٹرز کو ریلیز کردیا گیا ہے،انجرڈ امام الحق، وہاب ریاض اور عثمان صلاح الدین پہلے ہی وطن واپس آگئے تھے،گزشتہ روز محمد عباس کی بھی سیالکوٹ واپسی ہوگئی۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل اظہر علی،اسد شفیق،حارث سہیل، میر حمزہ اور یاسر شاہ بھی عازم سفر ہوئے، محمد رضوان ''اے'' ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے وہیں رک گئے ہیں،کپتان سرفراز احمد، فخرزمان، محمد حفیظ،بابر اعظم، فہیم اشرف،حسن علی اور شاداب خان ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی کینگروز کے مقابل ہوں گے۔

پاکستان اے کی جانب سے یواے ای میں کھیلنے والے آصف علی،صاحبزادہ فرحان، وقاص مقصود اور شاہین آفریدی وہیں سے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو جوائن کررہے ہیں،شعیب ملک کو پہلے میچ سے قبل بھارت سے براہ راست پہنچنا ہے۔

فٹنس بحال ہونے پر ایک سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنے والے آل رائونڈر عماد وسیم،حسین طلعت اور عثمان شنواری کی پاکستان سے یواے ای روانگی گزشتہ شب شیڈول تھی، رضا راشد بطور میڈیا منیجر ذمہ داریاں سنبھالنے کیلیے اتوار کی رات لاہور سے روانہ ہوجائیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 24اکتوبر کو ابوظبی میں کھیلا جائے گا،دونوں ٹیمیں 26اور 28 اکتوبر کو دبئی میں مقابل ہوں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں