ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون بھی ’اسپتال‘ داخل

پولی کلینک کے ڈاکٹروں نے ملزمہ کو دل کے عارضے میں مبتلا قرار دے کر شعبہ کارڈیالوجی میں ریفر کردیا


ویب ڈیسک October 21, 2018
عدالت نے ڈاکٹر شہلا رضا کو طبی معائنہ کے بعد جیل بھیجنے کاحکم دے دیا۔ فوٹو: اسکرین گریب

عدالت نے ڈپلومیٹک انکلیو میں پولیس سے بدتمیزی کرنے والی خاتون کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا تاہم پولی کلینک کے ڈاکٹروں نے انہیں اسپتال میں داخل کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ڈپلومیٹک انکلیو میں بدتمیزی کرنے والی خاتون ڈاکٹر شہلا کو ڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیا۔ خاتون کے وکیل نے ضمانت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں، میری موکلہ دل کی مریضہ ہیں، دباؤ میں ذہنی حالت مفلوج ہوجاتی ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر شہلا رضا کو طبی معائنہ کے بعد جیل بھیجنے کاحکم دے دیا۔

پولی کلینک اسپتال کی سی ایم او ڈاکٹر کومل نے ڈاکٹر شہلا کا طبی معائنہ کیا ڈاکٹروں نے ملزمہ کو ذہنی طور پر مکمل صحت مند قرار دیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں دل کا مریض قرار دیتے ہوئے شعبہ امراض قلب میں داخل کرادیا۔

دوسری جانب وڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تفتیشی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں کوئی وی آئی پی نہیں ہے اور ہر کوئی قانون کے تابع ہے، اسلام آباد پولیس ہمارا اپنا ادارہ ہے اور جو لوگ فرض شناسی سے کام کر رہے ہیں حکومت ان کے پیچھے کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب پولیس اہلکار نے بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی روکی تو اس میں سوار خاتون نے نا صرف پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی بلکہ کسی بڑے سے بات کروا کر چلی بھی گئی۔ وزیر مملکت کے نوٹس کے بعد خاتون کو گرفتار کرلیا گیا، خاتون کی شناخت ڈاکٹر شہلا کے نام سے ہوئی۔

[fb-post-embed url="https://www.facebook.com/asmaninews/videos/489617968210260/"]

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں