صدربراک اوباما نے شامی باغیوں کو امریکی ہتھیار فراہم کرنے کی اجازت دے دی

ہتھیاروں کی فراہمی کا فیصلہ بشار الاسد کی جانب سے باغیوں کیخلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق کے بعد کیا،امریکا


ویب ڈیسک June 14, 2013
صدر اوباما نے واضح کیا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعال یا ان کی باغیوں کو منتقلی "ریڈ لائن" عبور کرنے کے مترادف ہوگی، مشیربرائے قومی سلامتی فوٹو: رائٹرز

شامی شہریوں پر بشار الاسد کی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تصدیق کے بعد پہلی مرتبہ صدر براک اوباما نے شام میں حکومت مخالف باغیوں کو غیرمہلک امریکی ہتھیار فراہم کرنے کی اجازت دے دی۔

صدر براک اوباما کے مشیر برائے قومی سلامتی بین روڈس نےمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے واضح کردیا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال یا ان کی باغیوں کو منتقلی "ریڈ لائن" عبور کرنے کے مترادف ہو گی اور بشار الاسد کی حکومت نے شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے ایسا ہی کیا ، ہماری معلومات کے مطابق صدر بشار الاسد نے گزشتہ سال مخالفین کے خلاف چھوٹے پیمانے پر متعدد مرتبہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی وجہ سے اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شامی باغیوں کو امریکا کی جانب سے فراہم کی جانے والی فوجی امداد میں صرف غیر مہلک ہتھیارشامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے شام میں باغیوں کی امداد کا اعلان اوباما انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور ری پبلکن پارٹی کی جانب سے شام کے خلاف کارروائی کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد کیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں