’کپڑوں کی الماری‘ آپ کی توجہ چاہتی ہے

اپنے وارڈروب کو ہر ماہ صاف کرنے کا اہتمام کیجیے۔ سردی ،گرمی اور پارٹی ویئر ملبوسات کو الگ الگ ریک میں رکھیے۔

اپنے وارڈروب کو ہر ماہ صاف کرنے کا اہتمام کیجیے۔ سردی ،گرمی اور پارٹی ویئر ملبوسات کو الگ الگ ریک میں رکھیے۔ فوٹو: فائل

نغمہ نے جیسے ہی سیما کی کپڑوں کی الماری کھولی۔ رنگ برنگے گولے اس کے پیروں میں آگرے۔ نغمہ حیران رہ گئی۔ کیوں کہ خاندان بھر میں سلیقہ شعار اور خوش لباس لڑکی کے طور پر مشہور سیما کے کپڑوں کی الماری کچھ اور ہی کہانی سنا رہی تھی۔

جی! اکثر خواتین اپنے وارڈروب یعنی کپڑوں کی الماری کا خیال اس طرح نہیں رکھتیں جیسا کہ کسی سلیقہ شعار کو رکھنا چاہیے۔آپ کی الماری بھی آپ کی شخصیت کا ایک رخ ظاہر کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ آپ کتنی سلیقہ شعار ہیں۔ فیشن کی اس دوڑ میں اچھے اور دیرپا ملبوسات کی قیمت بھی اچھی خاصی ہے۔

آپ ان ملبوسات کو احتیاط کے ساتھ استعمال کرنے کے بعد دھو کر سلیقے سے تہ کر کے اپنے وارڈروب میں رکھیں تو نہ صرف یہ کپڑے دیر تک آپ کا ساتھ نبھائیں گے بلکہ ان کی رونق اور چمک دمک بھی لمبے عرصے تک بر قرار رہے گی۔ اور اتفاق سے آپ کی کوئی عزیزہ، دوست آپ کی الماری کھول لے تو اس موقع پر آپ کو شرمندہ بھی نہیں ہونا پڑے گا۔

اپنے وارڈروب کو ہر ماہ صاف کرنے کا اہتمام کیجیے۔ سردی ،گرمی اور پارٹی ویئر ملبوسات کو الگ الگ ریک میں رکھیے۔ چوں کہ سردی کے کپڑے کم استعمال ہوتے ہیں اس لیے ان کپڑوں کو الگ پولیتھین بیگ یا گتے کے ڈبے میں طریقے سے تہ کر کے ڈالیے اور ساتھ براس کی ایک ایک گولی بھی کاغذ میں لپیٹ کر ڈال دیجیے۔ اس طرح آپ کا سوٹ کسی کیڑے کا شکار نہیں بنے گا اور نہ ہی لمبے عرصے تک پڑا رہنے پر بُو دے گا۔

اپنے وارڈروب کے اندر کناروں میں نیم کے پتے پیس کر یا کوٹ کر تھوڑے تھوڑے پھیلا دیں، اس عمل سے آپ کے کم استعمال ہونے والے کپڑے محفوظ رہیں گے، ساتھ ہی الماری کی لکڑی کی بھی حفاظت رہے گی۔

پرفیوم اور عطر کی خالی بوتل کو پھینکنے کے بجائے اس کا ڈھکن ہٹا کر وارڈروب کے کونوں میں رکھ دیں۔ آپ جب بھی اپنا وارڈروب کھولیں گی ایک مسحورکن خوش بو آپ کا استقبال کرے گی، ساتھ ہی آپ کے تمام کپڑوں میں بھی بھینی بھینی خوش بو رچ بس جائے گی۔


الماری کے دروازے اور ٹوٹا ہوا لاک ایک برا تاثر چھوڑتے ہیں۔ اس گھر کی خواتین کو پھوہڑ اور بدسلیقہ گردانا جاتا ہے، جہاں اس طرح کی الماریاں نظر آتی ہیں۔ حد سے زیادہ بوجھ بھی الماریوں کی ساخت و بناوٹ کو متاثر کرتا ہے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ الماری پر زیادہ بوجھ بھی نہ ڈالیں۔ اس کے اندرونی خانوں میں سامان اتنا رکھیں کہ الماری کی ساخت اور بناوٹ پر اثر نہ پڑے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ الماری کے دروازے اپنی طرف گرتے ہوئے کپڑوں کے بوجھ کے باعث پوری طرح بند نہیں ہوتے اور عورتیں زبردستی اسے لاک کر دیتی ہیں۔ ایسا کرنے سے ان دروازوں کی ساخت اور لاک دونوں ہی خراب ہو جاتے ہیں۔

الماری کو گھر کے ایسے مقام پر رکھیں جہاں داخل ہوتے ہی اس پر مہمانوں کی نظر نہ پڑے۔کسی مہمان کی آمد سے پہلے ہی الماری سے مطلوبہ اشیاء نکال کر باہر رکھ لیں، تاکہ مہمان کے سامنے الماری کھولنے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔

اکثر خواتین اور لڑکیوں کی عادت ہوتی ہے کہ وہ اپنی وارڈروب اور الماری پر اندر باہر بے جا اسٹیکر اور تصاویر چپکاتی رہتی ہیں جو کہ بعد میں برے اور بھدے معلوم ہونے لگتے ہیں۔ اسٹیکر اور تصاویر کے گوند سے الماری کی سطح اور رنگ بھی خراب ہو جاتا ہے۔

الماری کو کمرے کے کسی کونے میں رکھیں اور اگر آپ کے باتھ روم میں وارڈروب پورشن دیا گیا ہے تو وہی جگہ اس کے لیے بہترین ہے۔ چھوٹے گھروں میں عموماً الماری کے اوپر سامان کے ڈبے یہاں تک کہ بڑے بڑے ٹرنک بھی چڑھا دیے جاتے ہیں جو کہ نامناسب اور بے ڈھنگا معلوم ہوتا ہے۔ اس سے الماری کی اوپری سطح خراب ہوسکتی ہے اور اس کی ساخت بگڑ جاتی ہے اور اسی بوجھ کی وجہ سے الماری کے دروازوں کی بناوٹ بھی بگڑتی ہے جس سے کھلنے اور بند ہونے میں وہ مسئلہ کرتے ہیں۔

اسی طرح الماری کے اوپر سامان چڑھانے سے آپ اپنی الماری کی صفائی ستھرائی بھی ٹھیک طرح سے نہیں کر پاتے اور دھول، جالے اور مٹی جمع ہوکر کیڑے مکوڑوں کی آماج گاہ بنتی جاتی ہے۔ جس کے اثرات آپ کی چیزوں، کپڑوں اور الماری کی رنگت پر بھی نمایاں ہوتے رہتے ہیں۔

الماری کے اندر کپڑوں کے علاوہ جیولری، سینڈل، پرس اور بیگ اور دیگر ضروری اشیاء بھی رکھی جاتی ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ ان تمام اشیاء کے لیے ایک ایک خانہ یا دراز مخصوص کر لیں اور جب کبھی اس چیز کو نکالیں تو دوبارہ اسی جگہ پر واپس رکھیں۔ اس طرح ہر چیز کے لیے جگہ مخصوص کرنے سے آپ کو اسے ڈھونڈنے میں مشقت نہیں اٹھانی پڑے گی۔

یاد رکھیے! ملبوسات اور دیگر سنورنے کی اشیاء موقع محل اور ضرورت کے اعتبار سے خریدی جاتی ہیں۔ ایک متوسط طبقے کی خاتون انتہائی میانہ روی سے اپنے اخراجات سنبھالتی ہے۔ اپنے بجٹ پر بوجھ بڑھنے سے بچانے کے لیے یہ چند ٹپس آپ کے ملبوسات اور دیگر اشیاء کو دیرپا زندگی اور رونق بخشیں گی، اور آپ کی خوش ذوقی اور خوش لباسی کو مثال کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
Load Next Story