حسن روحانی ایران کے نئے صدر منتخب ہوگئے

ووٹرز ٹرن آؤٹ 89 فیصد رہا جس میں سے حسن روحانی نے 51 فیصد ووٹ حاصل کئے۔

ایرانی آئین کے مطابق کوئی بھی شخص لگاتار تیسری مرتبہ صدر نہیں بن سکتا اس لئے موجودہ صدر محمود احمدی نژاد انتخابی عمل سے باہر تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:

اعتدال پسند رہنما اور جوہری معاملے کے سابق مذاکرات کار حسن روحانی ایران کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔



ایرانی الیکشن کمیشن کے مطابق جمعہ کو ہونے والے نئے صدر کے انتخاب کے لئے ایرانی عوام نے اپنے حق رائے دہی کے لئے بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا جس کے باعث ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 89 فیصد رہا۔ ایران کی صدارت کے لئے 6 امیدوار میدان میں تھے جن میں حسن روحانی، محمد باقر قالیباف، محسن رضائی، سعید جلیلی، علی اکبر ولایتی اور محمد غرضی شامل تھے۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد سرکاری طور پر حسن روحانی کو کامیاب قرار دیا گیا جنہوں نے 51 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ تہران کے سابق میئر محمد باقر قالیباف نے 16 فیصد، سعید جلیلی نے 11 فیصد اور پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر محسن رضائی نے بھی 11 فیصد ووٹ حاصل کئے۔


واضح رہے کہ ایرانی آئین کے مطابق کوئی بھی شخص لگاتار تیسری مرتبہ صدر نہیں بن سکتا اس لئے موجودہ صدر محمود احمدی نژاد انتخابی عمل سے باہر تھے، صدارتی امیدواروں کا انتخاب ایران کے رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کرتے ہیں اور کامیاب ہونے والے امیدوار کے لئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہوتا ہے۔
Load Next Story