ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان نے اومان کو8 گول سے شکست دے دی

علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی


Sports Reporter October 23, 2018
پاکستان کی طرف سے فل بیک علیم بلال نے ہیٹ ٹرک کی فوٹو:فائل

ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے میزبان اومان کو ایک کے مقابلے آٹھ گول سے شکست دے دی۔

پاکستان کی طرف سے فل بیک علیم بلال نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ عرفان جونیئر، عماد شکیل بٹ، عرفان سینئر، ابوبکر اور عتیق نے ایک ایک گول کیا۔ اومان کے شہر مسقط میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنا تیسرا میچ میزبان اومان کے خلاف کھیلا جس میں پاکستان کی طرف سے کھیل کے 13 ویں منٹ میں علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جو پہلے کوارٹر تک برقرار رہی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور 18 ویں منٹ میں علیم بلال نے 22 ویں منٹ میں عرفان جونیئر جبکہ 26 میں منٹ میں عماد شکیل بٹ نے گول کرکے مقابلہ چار صفر کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستانی ٹیم کو اومان کے خلاف چار صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں کا ردھم کم نہ ہوا۔ 33 ویں منٹ میں عرفان سینئر نے پنالٹی کارنر پر گول کیا۔ چھ منٹ بعد پاکستانی ٹیم کو ملنے والے پنالٹی کارنر پر علیم بلال نے اپنا تیسرا گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا چھٹا گول کیا۔

پاکستان کی طرف سے ساتواں گول ابوبکر محمود نے فیلڈ پلے کے ذریعے کیا۔ میچ کے چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم صرف ایک گول کر سکی جو محمد عتیق نے کھیل کے 52 ویں منٹ میں کیا۔ میچ ختم ہونے سے چند لمحے قبل اومان ٹیم کو ملنے والے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ آٹھ ایک کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔