قائد اعظم کی رہایش گاہ پر حملے کے ملزمان گرفتار کیے جائیں سیاسی جماعتوں کا مطالبہ

کوئٹہ دھماکےملکی سالمیت پرحملہ ہے،اورنگزیب فاروقی،دہشت گردانسان نہیں،شاہی سید،ڈاکٹراورنرسوں کا یوم سوگ منانےکا اعلان.

نواز شریف دہشت گردی کے خاتمے کا وعدے وفا کریں، متحدہ علما محاذ،جلال شاہ، صارم برنی،خیرالنسا، عباس کمیلی کی مذمت فوٹو: ایکسپریس/فائل

اہلسنّت و الجماعت کے مرکزی رہنما علامہ اورنگزیب فا روقی نے کوئٹہ دھماکوں اور زیارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ دھما کے کھلی دہشت گردی اور ملکی سالمیت پر حملہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی اور قتل و غارت گری کی ہمیشہ مذمت کی جس کا صلہ انتظامیہ کی جانب سے بے گناہ کارکنان کی گرفتاری کی صورت میں مل رہا ہے، انھوں نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ غنی الرحمن کے اغوا اور بے بنیاد کیسوں میں ملوث کرنے کے معاملے کا نوٹس لے، دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کوئٹہ میں ویمن یونیورسٹی کی بس میں ہونے والے بم دھماکے اور بولان میڈیکل کمپلیکس کی ایمر جنسی میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے انسانیت کی تمام تعلیمات سے انحراف کررہے ہیں، علم کی روشنی کے طلب گاروں کو خون میں نہلانے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں، سانحے کی وجہ سے پوری قوم سوگ کے عالم میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ اے این پی سندھ سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہلاک شدگان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے، علاوہ ازیں سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکوں اور معصوم طالبات کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کی ہے، حیدر منزل سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بلوچ قوم کی بیٹیوں نے جو قربانی دی ہے ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بلوچستان کی حکومت کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں اور قانون کی بالا دستی قائم کی جائے۔

علاوہ دیگر شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں اور نرسنگ تنظیموںکی جانب سے کوئٹہ میںبولان میڈیکل یونیورسٹی کی بس اوراسپتال میں حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور واقع میں ملوث افرادکے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، جناح اسپتال کالج آف نرسنگ میں پیر کے روز یوم سوگ منایاجائے گا، چیئر پرسن ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی خیرالنسا، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کی صدر ڈاکٹرثمرینہ ہاشمی، جناح اسپتال کالج آف نرسنگ کی پرنسل افشا ں نازلی، پاکستان اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے ترجمان ڈاکٹر ذیشان انصاری، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹرادریس ایدھی، پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل ) میڈیکل ونگ کے اقبال آرائیں اور پاکستان نرسنگ فیڈریشن کراچی کے کوآرڈینیٹر شاہد اقبال نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں طالبات پر حملے کو غیر انسانی اور وحشیانہ عمل قراردیا ہے۔




انھوں نے اس بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والی طالبات اورنرسوں کے اہلخانہ سے شدید ہمدردی اورغم کا اظہار کیا اور کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی ناکامی سوالیہ نشان ہے، انھوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے قرارواقعی اقدامات اٹھائے، ڈاکٹروں اور نرسوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور واقع میں جاں بحق نرسوں کے اہل خانہ کی مالی امدادکی جائے، اس کے علاوہ حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ویلفئیر ٹرسٹ کے سربراہ صارم برنی نے کوئٹہ زیارت میں قائد اعظم کی آبائی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے سے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا گیا ہے،کوئٹہ میں یونیورسٹی بس پر حملہ جس میں متعدد خواتین ہلاک و زخمی ہوئیں قائد اعظم ریزیڈینسی پر حملے کو دبانے کی سازش لگتی ہے۔

دریں اثنا متحدہ علما محاذ کے رہنمائوں علامہ مرزایوسف حسین، مولاناانتظارالحق تھانوی، مفتی محمداسلم نعیمی،علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی ودیگر نے کوئٹہ میں بانی پاکستان کی رہائش گاہ و بولان میڈیکل کمپلیکس پر حملے اور طالبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کو باور کرایا ہے کہ انسانی جانوں کے نقصان کی ذمے داری سربراہ مملکت پر عائد ہوتی ہے، نواز شریف دہشت گردی کے خاتمے کے بلند و بانگ وعدے وفا کرکے اسلامی سربراہ مملکت ہونے کاحق ادا کریں، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمدعلی جناح کی رہائش گاہ زیارت پر حملہ کرکے دہشت گردوں نے ایک بار پھر بتادیا کہ وہ پاکستان اور بانی پاکستان کے دشمن ہیں، کالج کی طالبات کو نشانہ بنانا اور بولان میڈکل اسپتال پر حملہ دہشت گردی کے بدترین واقعات ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے خصوصاً فوج اور پولیس دہشت گردوں کیخلاف سخت آپریشن کریں، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بابائے قوم کی رہائش گاہ، بہادر خان یونیوورسٹی کی بس اور بولان میڈیکل اسپتال میں بم دھماکے امریکی و اسرائیلی ایما پر برسر اقتدار آنے والی حکومت کے عوام کیلیے تحفے ہیں، بیگناہ طالبات کے شہید اور زخمی ہونے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
Load Next Story