ذکا اشرف نے ڈومیسٹک مقابلوں میں بہتری کیلیے تجاویز پیش کر دیں

ہر ڈپارٹمنٹ کو1 یا2ریجنزکو اپنا لینا چاہیے، سابق چیئرمین پی سی بی کا خیال


Numainda Khususi October 24, 2018
ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم یا ریجنز کی تعداد کم کرنا کھیل کیلیے نقصان دہ ہو گا۔ فوٹو: فائل

سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلیے تجاویز پیش کر دیں۔

سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں تمام کرکٹرز کے کھیل کو ڈپارٹمنٹس نے ہی نکھارا ہے، کرکٹ کو سپورٹ کرنے کا ذریعہ یہی ادارے ہیں، میڈیا میں یہ خبریں آ رہی ہیں کہ بورڈ شاید آئندہ برس ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کر دے،مگر یہ درست نہ ہوگا، اس سے ہزاروں کرکٹرز بے روزگار ہو جائیں گے، اگر تبدیلی ضروری ہے تو ایسی کریں جس سے کھیل اور کھلاڑیوں دونوں کا فائدہ ہو۔

ذکا اشرف نے متبادل تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ہر ڈپارٹمنٹ1یا2ریجنز کواپنا لے، ڈپارٹمنٹل سربراہ چیئرمین اور ریجنز کے منتخب صدور نائب چیئرمین بن جائیں، اس سے کم مگر کوالٹی کرکٹ ہوگی، ساتھ ہی کھلاڑیوں کا روزگار بھی لگا رہے تھا، ایکدم سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ بند کرنے کا سوچنا بھی ٹھیک نہیں، متبادل منصوبے بنائیں پھر ان پر عمل کریں۔

سابق چیئرمین نے مزید کہا کہ میں نے سنا ہے کہ بورڈ ریجنز کی تعداد کم کرنے کا سوچ رہا ہے، یہ بھی بالکل غلط ہوگا، اس سے ملک کو باصلاحیت کرکٹرز ملنا کم ہو جائیں گے، انھوں نے کہا کہ کرکٹ کھیلنا ہر علاقے کے نوجوانوں کا حق ہے، ہم کیسے کسی ریجن کے کھلاڑی کو اس کے پسندیدہ گیم سے دور رکھ سکتے ہیں، بورڈ کو چاہیے کہ مزید ریجنز میں کرکٹ کو فروغ دے تاکہ نیا ٹیلنٹ بدستور ملتا رہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔